موٹروے پولیس مقابلے کا ڈراپ سین: دو افسران معطل


راولپنڈی: آئی جی موٹروے پولیس نے بس پر فائرنگ کر کے مسافروں کو زخمی کرنے  والے دو افسران کو معطل کردیا ہے۔ انہوں نے واقعہ کی مکمل اورغیرجانبدارانہ تحقیقات کرنے کے بھی احکامات جاری کیے ہیں۔

واقعات کے مطابق گزشتہ روزموٹروے ٹول پلازہ  کے قریب بس ڈرائیورکی جانب سے بس نہ روکنے پر موٹروے پولیس نے گاڑی کا تعاقب کیا اورچلتی بس پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں دومسافر عبدالرحمان اورطورا خان زخمی ہوگئے تھے۔

موٹروے پولیس نے دعویٰ کیا تھا کہ بس میں نان کسٹم پیڈ اشیا سمگل کی جا رہی تھیں جب پولیس نے روکا تو ڈرائیور نے بس بھگا دی۔ پولیس حکام کے مطابق بس سے 15 سے 20 افراد ڈنڈوں اور اسلحہ سے لیس نیچے اترے اورموٹر وے  پولیس پر حملہ کیا۔

کلوزسرکٹ ٹی وی کیمرہ ( سی سی ٹی وی) فوٹیج کے مطابق بس پرپولیس کی جانب سے فائرنگ کی گئی۔

ترجمان موٹروے پولیس کے مطابق ابتدائی تحقیقات کے بعد دونوں پولیس افسران شاہد گل اوراعتزاز کے خلاف ایف آئی آر گلفراز خان کی درخواست پر تھانہ نصیرآباد میں درج کی گئی ہے۔

مقدمے کے متن میں درج ہے کہ شاہد گل اوراعتزاز نے چلتی بس پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں درخواست گزار کے علاوہ بس کا کنڈکٹر عبدالرحمان زخمی ہوا۔

ڈپٹی انسپکٹر جنرل(ڈی آئی جی) موٹرویزمحمد عمر شیخ نے سیکٹر کمانڈر ارباب یاور کو واقعہ کی انکوائری جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے۔

موٹروے پولیس نے بس کے ڈرائیور، کنڈیکٹر اوردیگر نامعلوم کے خلاف تھانہ نصیر آباد میں درخواست بھی دی تھی۔


متعلقہ خبریں