جدوجہد خود ارادیت کے دوران شہید ہونے والے کشمیریوں کو سلام، بلاول بھٹو

بلاول بھٹو

وزیر خارجہ بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ 27اکتوبر 1947 تاریخ کا سیاہ ترین دن ہے جس پر انسانیت شرمندہ ہے۔

بلاول بھٹو نے یوم سیاہ کشمیرکے موقع پر پیغام دیتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں انسانیت سوز مظالم 75 سال پر محیط ہیں، بھارت کشمیریوں کی تحریک آزادی کو دبانے کی کوشش میں ناکام ہو گیا ہے، ایک لاکھ کشمیریوں کے قتل اور گمشدگیوں کے باوجود جذبہ حوریت میں کمی نہیں آئی۔

عالمی برادری سے مطالبہ کرتے ہوئے بلاول نے کہا کہ دنیا مقبوضہ کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی پامالی کو روکے، عالمی برادری کشمیریوں سے کیا گیا استصواب کا وعدہ پورا کرے۔

انہوں نے جدوجہد خود ارادیت کے دوران شہید ہونے والے کشمیریوں کو سلام بھی پیش کیا۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان کشمیریوں کے ساتھ کھڑا رہے گا، چاہے کوئی بھی قیمت ادا کرنی پڑے،شہباز شریف

مقبوضہ کشمیر میں آج حریت رہنماؤں کی جانب سے یوم سیاہ پر ہڑتال کی کال دی گئی ہے، دنیا بھر میں کشمیری آج یوم سیاہ منا رہے ہیں۔

کل جماعتی حریت نے سرینگر میں ایک بیان میں کشمیریوں سے کہا ہے کہ وہ دنیا کو یہ باور کرا دیں کہ وہ جموں و کشمیر کو بھارت کی غلامی سے آزاد کرانے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔

عالمی برادری پر بھی زور دیا گیا ہے کہ وہ مقبوضہ جموں و کشمیرمیں بھارتی مظالم پر مجرمانہ خاموشی ترک کرے اور بھارت کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق کشمیریوں کو ان کا حق خودارادیت دینے پر مجبور کرانے کے لیے عملی اقدامات کرے۔

واضح رہے کہ بھارت نے 27 اکتوبر 1947 کو تقسیم برصغیر کے منصوبے کی کھلی خلاف ورزی کرتے ہوئے سرینگر کے ہوائی اڈے پر فوج اتاکر جموں و کشمیر پر غیر قانونی طور پر کشمیریوں کی خواہشات کے خلاف قبضہ جما لیا تھا۔


متعلقہ خبریں