سپریم کورٹ کی خالی نشستوں پر تقرری کے لیےجسٹس منصور علی شاہ اور جسٹس سردار طارق مسعود نے خط لکھ دیا۔
سپریم کورٹ میں خالی نشتوں پر ججز کی تقرری سے متعلق جسٹس منصور علی شاہ اور جسٹس سردار طارق مسعود نے چیف جسٹس آف پاکستان کو خط لکھ دیا ۔ خط میں جوڈیشل کمیشن کا فوری اجلاس بلانے کا مطالبہ کیا گیا ہے ۔
خط میں کہا گیا ہے کہ مزید افواہوں اور قیاس آرائیوں سے بچنے کیلئے جوڈیشل کمیشن کا اجلاس بلایا جائے ۔ نو ماہ گزر جانے کے باوجود پانچ خالی نشستیں پُر نہیں کی جاسکیں ۔ رولز کے مطابق جج کی ریٹائرمنٹ کے بعد30 دن کے اندر نیا جج لگانا لازمی ہے ۔
یہ بھی پڑھیں:سپریم کورٹ میں ججز تقرری، جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کا چیف جسٹس کو خط
خط میں کہا گیا ہے کہ ہماری رائے میں نئے ججز کیلئے ہائیکورٹس کے چیف جسٹسز کے ناموں پر غور کیا جائے ۔ دوسری رائے یہ ہے کہ ہر ہائیکورٹ کے دو سینیئر ججز کے ناموں پر غور کیا جائے۔
جج صاحبان نے خط میں مزید کہا ہے کہ سینیئر جج جسٹس قاضی فائز عیسیٰ بھی اٹھائیس ستمبر کو اجلاس بلانے کیلئے خط لکھ چکے ہیں۔ جوڈیشل کمیشن سپریم کورٹ نہیں ہے بلکہ ایک آزاد آئینی باڈی ہے۔