پانچ سال میں فی کس آمدنی 1234 سے بڑھ کر 1641 ڈالر ہو گئی، وزیراعظم


اسلام آباد: وزیراعظم شاہد خاقان عباسی  نے دعویٰ کیا ہے کہ  2013 میں فی کس آمدن 1234 ڈالر تھی جو پانچ سال میں 1641 ڈالرہو گئی ہے۔

وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرس میں اپنی حکومت کی پانچ سالہ کارکردگی پیش کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ 2013 کے مقابلے میں صنعتی ترقی پانچ فیصد بڑھ چکی ہے، نجی سرمایہ کاری 2.2 ٹریلین ڈالر سے بڑھ  کر 3.7 ٹریلین ڈالرہو گئی ہے جبکہ زرمبادلہ کے ذخائر 11.26 ارب ڈالر سے بڑھ کر 16.23 ارب ڈالر ہو چکے ہیں۔

شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ 2013 میں خدمات کے شعبے میں ترقی 1.3 فیصد تھی جو 2018 میں بڑھ کر 6.4 فیصد ہو گئی ہے، چاول کی پیداوار 5.4 ملین ٹن سے بڑھ  کر 7.44 ملین ٹن ہو گئی، زراعت کے شعبے میں اضافے کی شرح 3.8 فیصد رہی جبکہ محصولات وصولی کی شرح  میں 65 فیصد اضافہ ہوا ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ 2013 میں مہنگائی بڑھنے کی شرح 7.75  فی صد تھی جو کم ہو کر 3.77 فیصد ہو چکی ہے، پچھلے پانچ سالوں کے دوران ترسیلات زر میں 40 فی صد سے زائد اضافہ ہوا ہے، 2013 میں شرح سود نو فیصد تھی جو اب کم ہو کر 6.5 ہو چکی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ پانچ سال کے دوران کپاس کی پیداوار میں کمی آئی ہے  جبکہ برآمدات 22 فیصد سے کم ہو کر 20 فیصد پر آ گئی ہیں۔


متعلقہ خبریں