ناصر کھوسہ پنجاب کے نگراں وزیر اعلیٰ نامزد


لاہور: پنجاب کے سابق وزیر خزانہ  ناصر محمود کھوسہ کو پنجاب کا نگراں وزیر اعلی نامزد کر دیا گیا ہے۔

یہ فیصلہ ماڈل ٹاؤن لاہور میں وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف اور اپوزیشن لیڈر میاں محمود الرشید کے درمیان ملاقات میں کیا گیا جس میں صوبائی وزیر تعلیم رانا مشہود اور ترجمان پنجاب حکومت ملک احمد بھی شریک تھے۔

ملاقات میں وزیر اعلیٰ پنجاب اور اپوزیشن لیڈر نے نگراں وزیر اعلیٰ کے لیے مجوزہ ناموں پر مشاورت کی اور اتفاق رائے سے ناصرمحمود کھوسہ کو نگراں وزیراعلیٰ بنانے کا فیصلہ کیا، اپوزیشن لیڈر میاں محمود الرشید نے بھی نامزدگی کی تصدیق کردی ہے۔

ذرائع کے مطابق ناصر کھوسہ کا نام اپوزیشن لیڈر نے تجویز کیا اور وزیراعلیٰ  پنجاب میاں شہباز شریف  نے اس کی تائید کی، نامزد وزیراعلیٰ کا تعلق  ڈی ایم جی گروپ سے ہے اور وہ مختصرعرصے کے لیے  وزیر خزانہ بھی رہ چکے ہیں۔ ناصر کھوسہ چیف سیکرٹری پنجاب اورسابق وزیراعظم  نواز شریف کے سیکرٹری رہے ہیں جبکہ انہیں عالمی  بینک کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر کے عہدے کے لیے بھی نامزد کیا جا چکا ہے۔

ناصرمحمود کھوسہ نے گورنمنٹ کالج  سے ایم اے انگلش کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے جبکہ انہوں نے اسپیشلائزیشن امریکہ کی پینسیلوینیا یونیورسٹی سے کی۔

ناصر محمود کھوسہ، سپریم کورٹ کے سینئر ترین جج آصف سعید کھوسہ اور سابق ڈائریکٹر جنرل فیڈرل انوسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) طارق کھوسہ کے بھائی ہیں۔


متعلقہ خبریں