میرا قصور نواز شریف کی بیٹی ہونا ہے، مریم نواز


اسلام آباد: سابق وزیراعظم نوازشریف کی صاحبزادی مریم نواز نے کہا ہے کہ میں کبھی لندن فلیٹس کی مالک اوربینیفشل مالک نہیں رہی،  انہوں نے کہا کہ میں نے لندن فلیٹس یا کمپنیوں سے کبھی کوئی مالی فائدہ یا نفع نہیں اٹھایا، میرا قصور یہ نہیں کہ میں نے کوئی کرپشن یا چوری کی ہے بلکہ نواز شریف کی بیٹی ہونا میرا قصور ہے اور مجھے مقدمے میں الجھانے کی بڑی وجہ  میرے والد پر دباؤ ڈالنا ہے۔

مریم نواز احتساب عدالت کے جج محمد بشیرکے سامنے اپنا بیان قلمبند کرا رہی تھیں، ایون فیلڈ (لندن فلیٹس) ریفرنس کیس میں نامزد تینوں ملزمان عدالت میں پیش ہوئے۔

سابق وزیراعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز نے احتساب عدالت کی جانب سے دیے گئے 128 میں 82 سوالات کے جوابات جمعہ کے روز دیے تھے۔

پیر کے روز اپنا بیان جاری رکھتے ہوئے انہوں نے کہا کہ منصوبہ بنایا گیا بیٹی پر مقدمے بناؤ، اسے جے آئی ٹی کے سامنے لاؤ اور نواز شریف کی بیٹی کو عدالتوں میں گھسیٹو پھر نوازشریف جھکے گا۔

انہوں نے کہا کہ مشترکہ تحقیقاتی ٹیم (جے آئی ٹی) کے سربراہ واجد ضیا کا تین جولائی کا خط بطور شہادت پیش نہیں کیا جاسکتا کیوںکہ خط براہ راست جے آئی ٹی کو بھیجا گیا جوغیرقانونی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پرائیویٹ فرم کے خط میں کوئی سچائی نہیں اوریہ دستاویز مروجہ قوانین کے مطابق بھی نہیں ہے۔

مریم نواز نے کہا کہ جس طرح خط پیش کیا گیا اس سے سنگین خدشات پیدا ہوئے، خط لکھنے والے کو پیش کیے بغیر مجھے میری جرح کے حق سے  محروم کیا گیا اور خط کے ساتھ مطلوبہ دستاویزات بھی منسلک نہیں کی گئیں۔

انہوں نے کہا کہ حقائق سامنے نہ لانے کے لیے مجھے جرح کے حق سے محروم کیا گیا جبکہ میں نے خط  کے متن سے ہمیشہ انکار کیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ میری موزیک فونیسکا سے کبھی بھی کوئی خط و کتابت نہیں ہوئی میں ایون فیلڈ پراپرٹیز کو چلانے والی کسی کمپنی کی بینی فیشل اونر بھی نہیں ہوں۔

انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ میں جے آئی ٹی کے ٹیکس اور انکم چارٹ کی دستاویزات قبول  نہیں کرتی کیونکہ چارٹ پر واجد ضیا اور جے آئی ٹی ارکان کے دستخط نہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ حسین نواز نے فلیٹس نوے کی دہائی کے آغاز میں نہیں خریدے، منروا مینجمنٹ کوشامل تفتیش نہ کر کےمیرے حق میں آنے والے حقائق کو چھپایا۔

ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف نے لالچ اور دھمکیوں کو ٹھکرا کر ایٹمی دھماکے کیے اور پوری جرا ت سے پرویز مشرف کے ظلم برداشت کیے۔

سابق وزیراعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز نے ایون فیلڈ (لندن فلیٹس) ریفرنس کیس میں اپنے دفاع میں کوئی گواہ پیش کرنے سے بھی انکار کر دیا۔

احتساب عدالت نے ایون فیلڈ ریفرنس کیس کی سماعت منگل 29 مئی تک ملتوی کردی۔


متعلقہ خبریں