کراچی: اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس کے دورہ پاکستان کے موقع پر پروٹوکول کے قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی پر وزارت خارجہ نے تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے برہمی ظاہر کی ہے۔
کبھی اتنے بڑے پیمانے پر موسمیاتی تباہی نہیں دیکھی جتنی پاکستان میں ہوئی، انتونیو گوتریس
ہم نیوز کے مطابق وزارت خارجہ کے کراچی میں واقع کیمپ آفس کی جانب سے چیف سیکریٹری سندھ کو باضابطہ طور پر مراسلہ بھیجا گیا ہے جس میں سندھ پولیس کے اسپیشل یونٹ کی کارکردگی پر تحفظات کا اظہار کیا گیا ہے اور قواعد و ضوابط کی خلاف ورزیوں کی بھی نشاندہی کی گئی ہے۔
وزارت خارجہ کی جانب سے چیف سیکرٹری کو لکھے جانے والے مراسلے میں کہا گیا ہے کہ اسپیشل سکیورٹی یونٹ (ایس ایس یو) بلا ضرورت اسٹیٹ لاؤنچ میں داخل ہوئی۔
مراسلے میں لکھا گیا ہے کہ ایس ایس یو نے اپنے فوٹوگرافرز کے لاؤنج میں داخلے پراصرارکیا، اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کی جانب سے غیر ملکی نشریاتی ادارے کو دیے جانے والے انٹرویو کے دوران ان کے گارڈز نے متعدد مرتبہ روکنے کی کوشش کی لیکن اس کے باوجود 5 سے 6 افراد معزز مہمان کے کمرے میں داخل ہوئے جنہوں نے سیکریٹری جنرل کو تحائف پیش کرنے کے ساتھ تصاویر بنوائیں۔
ہم نیوز کے مطابق وزارت خارجہ کی جانب سے خط موصول ہونے کے بعد چیف سیکرٹری سندھ نے آئی جی سندھ اور سیکرٹری داخلہ کو خط لکھ دیا ہے۔
’’جلدی مدد ورنہ بچنے والے بھی نہیں بچیں گے’’ انجلینا جولی کا پاکستان کے لیے ڈومور کا مطالبہ
واضح رہے کہ گزشتہ دنوں اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے پاکستان کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا تھا، وزیراعظم میاں شہباز شریف اور وزیر خارجہ و چیئرمین پی پی بلاول بھٹو زرداری بھی ان کے ہمراہ تھے۔