سابق چیف جسٹس ناصر الملک نگراں وزیراعظم ہوں گے

نگراں وزیراعظم کون؟ اعلان کچھ دیر میں | urduhumnews.wpengine.com

اسلام آباد: وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اور قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ نے نگراں وزیراعظم کے لیے سابق چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس (ر) ناصر الملک کے نام کا اعلان کیا ہے۔

گزشتہ خبر:

قبل ازیں ہم نیوز نے خبر دی تھی کہ وزیراعظم اور قائد حزب اختلاف کے درمیان نگراں وزیراعظم کے معاملے پر ہونے والی ملاقات کے بعد ڈیڈ لاک ختم ہو گیا ہے۔

قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر سید خورشید شاہ کا کہنا ہے کہ ان کے اور وزیراعظم کے درمیان ففٹی ففٹی اتفاق ہو گیا ہے، آج ساڑھے 12 بجے سے قبل ایک اور ملاقات ہو گی جس کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس کی جائے گی۔

ہم نیوز کے مطابق پیر کے روز وزیراعظم اور اپوزیشن لیڈر کے درمیان نگراں وزیراعظم کے معاملہ پر مشاورت کے لیے اسلام آباد میں ملاقات ہوئی ہے۔

حزب اقتدار اور اختلاف کے درمیان اہم پیش رفت کے متعلق خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ ان کی کوشش ہے کہ نگراں وزیراعظم کا فیصلہ سیاستدان خود کریں، پہلے دن سے پارلیمان کی بالادستی کی بات کی ہے ہم ثابت کریں گے کہ پارلیمنٹ بالادست ہے اور فیصلے یہیں ہوتے ہیں۔

وزیراعظم شاہد خاقان عباسی سے ملاقات کے بعد ذرائع ابلاغ سے گفتگو میں خورشید شاہ نے تصدیق کی کہ کوشش کر رہے ہیں نگراں وزیراعظم کے نام پراتفاق ہو جائے۔

آئندہ عام انتخابات سے قبل نگراں وزیراعظم کے تقرر کے لیے پیپلزپارٹی نے سابق سیکرٹری خارجہ جلیل عباس جیلانی اور پی سی بی کے سابق چیئرمین ذکاء اشرف کے نام دیے تھے جب کہ ن لیگ نے سابق چیف جسٹس آف پاکستان تصدیق حسین جیلانی اور سابق چیف جسٹس ناصر المک سمیت سابق گورنر اسٹیٹ بینک ڈاکٹر عشرت حسین کے نام پیش کیے تھے۔

تحریک انصاف نے تصدق حسین جیلانی، سابق وفاقی وزیر اور صنعتکار عبدالرزاق داؤد اور ڈاکٹر عشرت حسین کے نام پیش کیے تھے جب کہ جماعت اسلامی کی جانب سے ایٹمی سائنسدان ڈاکٹر عبدالقدیر خان کا نام پیش کیا گیا تھا۔


متعلقہ خبریں