عمران خان سے اظہار یکجہتی کیلئے کل احتجاج کیا جائے گا، فواد چودھری


اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما فواد چودھری نے کہا ہے کہ چیئرمین عمران خان سے اظہار یکجہتی کے لیے کل بروز ہفتہ ملک بھر میں ااحتجاج کیا جائے گا۔

پی ٹی آئی کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج تحریک انصاف کی سینئر لیڈر شپ کی میٹنگ ہوئی اور تمام قیادت نے عمران خان پر اعتماد کا اظہار کیا ہے۔ ہم ملک گیر تحریک چلانے جا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں سیاسی حالات مشکلات کا شکار ہیں اور ملک کو انتخابات سے دور کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ جن علاقوں میں الیکشن ملتوی کیے گئے وہاں سیلاب ہی نہیں تھا۔

یہ بھی پڑھیں: کراچی والوں کیلئے بجلی 4 روپے 12 پیسے فی یونٹ سستی

فواد چودھری نے کہا کہ ملک سیلاب میں ڈوبا ہوا ہے اور عمران خان کے خلاف مقدمات چلائے جا رہے ہیں۔ عمران خان کو نااہل کر کے الیکشن سے دور کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ الیکشن کمیشن نے گزشتہ روز انتخابات ملتوی کر کے غلط فیصلہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان سے اظہار یکجہتی کے لیے کل احتجاج کیا جائے گا اور اگلے ہفتے مہنگائی پر بھی بات کریں گے۔ بجلی، تیل اور کھانے پینے کی اشیا پر بھی بات کریں گے۔ عمران خان کل آئندہ مرحلے کا اعلان کریں گے۔ ایشیا کپ کی طرح پاکستان کی سیاست بھی آخری مرحلے میں داخل ہو چکی ہے۔

رہنما پی ٹی آئی نے کہا کہ پنجاب اور خیبرپختونخوا کی پوری کابینہ سڑک پر کھڑی رہی۔ کل عمران خان گجرانوالہ میں لائحہ عمل کے اگلے مرحلے کا اعلان کریں گے اور عمران خان کے خلاف مہم پر پوری قوم یک زبان ریلی کی صورت میں نکلے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کو سیاست سے باہر کر کے جمہوریت کو قائم رکھنا ممکن نہیں اور پاکستان کی قوم مائنس عمران خان کو تسلیم نہیں کرے گی۔ ہمارے پنجاب کے اراکین سے رابطے کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے لیکن پنجاب حکومت بدلنے سے پہلے وفاقی حکومت کو بدلنے میں کامیاب ہوں گے۔


متعلقہ خبریں