راولپنڈی: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ سیلاب سے متاثرہ آخری آدمی کی بحالی تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے آج بلوچستان کے سیلاب زدہ علاقوں کا دورہ کیا۔ سربراہ پاک فوج نے فلڈ ریلیف اور میڈیکل کیمپس میں سہولیات کا جائزہ لیا۔
آرمی چیف نے گوٹھ سدوری، لاکھڑا اور لسبیلہ میں سیلاب زدگان سے ملاقات کی اور ان کی خیریت دریافت کی۔ آرمی چیف نے سیلاب زدہ علاقوں میں مامور جوانوں سے بھی ملاقات کی اور سیلاب زدہ علاقوں کے لیے تمام وسائل بروئے کار لانے کی ہدایت کی۔
یہ بھی پڑھیں: ’’ہمت سے کام لینا ہے‘‘وزیر اعظم کا دورہ سجاول،سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا فضائی جائزہ
اس موقع پر آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ عوام کا تحفظ ہماری اولین ترجیح ہے اور سیلاب سے متاثرہ آخری آدمی کی بحالی تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام ہماری پہلی ترجیح ہیں اور ان کی فلاح وبہبود کے لیے کوئی کسر نہیں اٹھا رکھیں گے۔