نگراں وزیراعلیٰ پنجاب کے نام پر پیر کو خوشخبری سنائیں گے، محمود الرشید


لاہور: پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف میاں محمود الرشید نے کہا ہے کہ نگراں وزیراعلیٰ پنجاب کے نام پر صوبائی حکومت سے مشاورت ہوگئی ہے، پیر کے روز عوام کو تحفہ دیں گے۔

لاہورمیں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نگراں وزیراعلیٰ پنجاب کے لیے دو ناموں پر حکومت سے مشاورت ہوئی ہے، ایک نام حکومت اوردوسرا اپوزیشن کی جانب سے دیا گیا ہے، حکومت کی جانب سے دیے گئے دو میں سے ایک نام موزوں تھا اور جو نام ہم  نے دیے اُن میں سے بھی ایک کی وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف نے تعریف کی ہے۔

محمود الرشید نے کہا کہ نگراں وزیراعلیٰ کے لیے جن ناموں پر مشاورت ہوئی ہے اُس پرہم اپنی قیادت سے بات کریں گے جبکہ وزیراعلیٰ پنجاب نے بھی مشاورت کے لیے وقت مانگا ہے،اُمید ہے کہ آئندہ ملاقات میں کسی موزوں نام پراتفاق ہو جائے گا۔

جمعرات کے روز قائد حزب اختلاف کو اسپیکر پنجاب اسمبلی اور صوبائی وزیر قانون کے ذریعے نگراں وزیراعلیٰ پنجاب پرمشاورت کے لیے ملاقات کا الگ الگ پیغام بھجوایا گیا تھا۔

نگراں وزیراعلیٰ

پنجاب اسمبلی کی پانچ سالہ مدت 31 مئی کو ختم ہورہی ہے، اس سے قبل صوبائی حکومت اور اپوزیشن مشاورت سے نگراں وزیراعلیٰ کے نام کا اعلان کریں گے۔

اگر حکومت اوراپوزیشن دونوں میں سے کسی کی جانب سے  بھی نام  پر اتفاق نہیں ہوا تو حکومتی مدت پوری ہونے کے سات دن بعد معاملہ اسپیکر پنجاب اسمبلی کے پاس چلا جائے گا جوحکومت اور اپوزیشن کے تین تین اراکین پرمشتمل کمیٹی بنائیں گے جسے تین دن میں نگراں وزیراعلیٰ کے نام  کا فیصلہ کرنا ہوگا۔

اگر ارکان اسمبلی پرمشتمل چھ رکنی کمیٹی تین دن میں کوئی فیصلہ نہ کرسکی تو معاملہ صوبائی الیکشن کمیشن کے پاس چلا جائے گا جس کے بعد الیکشن کمیشن صوبائی حکومت اوراپوزیشن کی جانب سے پیش کیے گئے ناموں میں سے کسی ایک نام کا نگراں وزیراعلیٰ کے لیے اعلان کرنے کا مجاز ہوگا۔


متعلقہ خبریں