کراچی: محکمہ موسمیات نے خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ کراچی میں آئندہ ایک گھنٹے کے بعد مزید تیز بارشوں کا امکان ہے اور یہ سلسلہ دن بھر جاری رہے گا۔
کراچی اور حیدر آباد میں کل عام تعطیل کا اعلان
ہم نیوز کے مطابق ڈائریکٹر محکمہ موسمیات سردار سرفراز نے کہا ہے کہ گزشتہ دوپہر سے بارش کا تیز اسپیل چل رہا ہے جو ابھی بھی کچھ علاقوں میں جاری ہے لیکن آئندہ ایک سے دو گھنٹوں کے اندر مزید تیز اسپیل کا سلسلہ دیگر علاقوں تک بھی پھیل جائے گا جس کی شدت میں آج دوپہر کے بعد کمی آنے کا امکان ہے۔
ڈائریکٹر محکمہ موسمیات کے مطابق اس اسپیل کے ابھی مزید دو دن باقی ہیں، بارشوں سے سب سے زیادہ کراچی متاثر ہو گا، جولائی کے آخری دنوں میں بارشوں کا ایک اور اسپیل بھی آسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تھرپارکر میں بھی تیز بارش ہوئی ہے۔
اعداد و شمار کے تحت سب سے زيادہ بارش شہر قائد کے علاقے صدر میں ایک سو چار ملی میٹر ریکارڈ کی گئی جب کہ گڈاپ میں 49.6 ملی میٹر، کورنگی میں 44.4 ملی میٹر، سعدی ٹاؤن میں 39.6 ملی میٹر، گلشن معمار میں 36.9 ملی میٹر، یونیورسٹی روڈ پر 36.8 ملی میٹر اور پرانا ائیرپورٹ پر 33 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔
کراچی میں ہونے والی تیز بارشوں کے باعث آئی آئی چندریگر روڈ ایک ماہ میں دوسری دفعہ ڈوب گئی جب کہ شاہین کمپلیکس سے گورنر ہاؤس جانے والی سڑک بھی زیرآب آگئی ہے۔
حکومت سندھ نے تیز بارشوں کے باعث آج کراچی اور حیدرآباد میں عام تعطیل کا اعلان کیا ہے جب کہ سندھ کے وزیر اطلاعات و نشریات شرجیل میمن نے نجی اداروں سے بھی درخواست کی ہے کہ وہ آج اپنے دفاتر اور فیکٹریاں بند رکھیں۔
طوفانی بارشوں کی پیشگوئی، وزیراعظم کی متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت
ہم نیوز کے مطابق تیز بارشوں کی وجہ سے فلائٹ آپریشن بھی متاثر ہوا ہے، کراچی آنے اور جانے والی دس پروازیں منسوخ کی گئی ہیں جب کہ 9 تاخیر کا شکار ہیں۔
کراچی کو بجلی فراہم کرنے والے ادارے کے الیکٹرک کے مطابق بارش کے دوران حفظ ماتقدم کے طور پر 180 فیڈرز بند کیے گئے ہیں۔
ہم نیوز کے مطابق شہر میں ہونے والی موسلا دھار بارشوں کی وجہ سے پی ای سی ایچ ایس، کلفٹن، گلشن اقبال، گلستان جوہر اور فیڈرل بی ایریا سمیت دیگر کئی علاقوں کے گھروں میں پانی داخل ہوا ہے، کے پی ٹی، سب میرین انڈر پاس اور مہران انڈر پاس میں بھی بارش کا پانی جمع ہوگیا ہے جو ٹریفک کی روانی میں رکاوٹ کا سبب بن رہا ہے۔
تیز بارشوں کی وجہ سے ملیر ریور برج میں گہرا شگاف پڑگیا ہے جس کے بعد برج کا بڑا حصہ متاثر ہوا تو حکام نے ایک ٹریک کو ٹریفک کے لیے بند کردیا۔
ترجمان ایس آئی ڈی سی ایل نے صورتحال دیکھ کر اعلان کیا ہے کہ گرین لائن بس سروس آج بھی معطل رہے گی جب کہ اتوار کو یہ سروس وقت مقررہ سے قبل ہی بند کردی گئی تھی۔
پی پی سے تعلق رکھنے والے صوبائی وزیر اطلاعات و نشریات شرجیل میمن نے کہا ہے کہ حکومت سندھ عارضی طور پر رہائش، کھانا اور دیگر اشیا فراہم کرنے کیلئے تیارہے۔ انہوں نے متاثرین سے کہا ہے کہ وہ فوری طور پر مدد کے لیے 1736 اور 919 ہیلپ لائن پر رابطہ کریں۔
ہم نیوز کے مطابق کراچی میں ہونے والی تیز بارشوں کے باعث کراچی یونیورسٹی نے آج ہونے والے تمام امتحانات بھی ملتوی کردیے ہیں۔
چترال:موسلادھار بارش اور سیلابی ریلوں سے تباہی،کئی گھر تباہ
اس ضمن میں کراچی یونیورسٹی کے ترجمان نے کہا ہے کہ امتحانات کی نئی تاریخ کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔