پبلک اکاؤنٹس کمیٹی (پی اے سی) نے آڈیٹر جنرل کو سپریم کورٹ ڈیم فنڈ کی تحقیقات کرنے کا حکم اور اس میں بےضابطگیاں سامنے آنے پر سابق چیف جسٹس ثاقب نثار کو طلب کرنے کا عندیہ دے دیا۔
چئیرمین پی اے سی نور عالم خان کی زیر صدارت پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں مہمند ڈیم کنٹریکٹ کے اجراء میں مالی بے ضابطگیوں کا انکشاف ہوا۔
اجلاس میں سیکریٹری آبی وسائل اور پلاننگ ڈویژن کو منصوبے کی فیکٹ فائنڈنگ تحقیقات اور اس کی رپورٹ ایک ماہ میں پیش کرنے کی ہدایت کی گئی۔
پی اے سی ارکان نے سپریم کورٹ ڈیم فنڈ کا معاملہ بھی اٹھایا اور اس کی تحقیقات کا مطالبہ کیا۔
پی اے سی نے سابق چیئرمین نیب جاوید اقبال کو طلب کر لیا
اجلاس میں مسلم لیگ ن کے سینئر رہنماءبرجیس طاہر نے کہا کہ ڈیم فنڈ حقیقت میں ڈیم فول ہے اس کیلئے چندہ اکھٹا کر کے قوم کا مذاق بنایا گیا۔ دنیا میں کوئی ایسا ملک نہیں جس نے چندے سے ڈیم بنائے ہوں۔
ان کا کہنا تھا کہ ڈیم فنڈ کیلئے 9 ارب اکھٹا کیا 13 ارب اشتہارات پر لگائے ہیں۔
نور عالم خان نے کہا کہ ڈیم فنڈ تحقیقات میں مالی بے ضابطگیاں سامنے آنے پر سابق چیف جسٹس کو بھی بلائینگے۔