پاکستانی سفارتخانے نے عافیہ صدیقی کے زندہ ہونے کی تصدیق کر دی


ٹیکساس: ہیوسٹن میں پاکستانی قونصل جنرل عائشہ فاروقی نے عافیہ صدیقی کے خیریت سے ہونے کی تصدیق کر دی ہے۔

پاکستانی سفارت خانے کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ہیوسٹن میں پاکستانی قونصل جنرل عائشہ فاروقی نے ٹیکساس کی جیل ایف ایم سی کارسویل میں عافیہ صدیقی سے دو گھنٹے ملاقات کی ہے، عائشہ فاروقی نے بتایا کہ عافیہ صدیقی سے ان کی گزشتہ 14 روز میں یہ چوتھی ملاقات تھی۔

اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ عافیہ صدیقی کی موت کی افواہیں مکمل طور پر غلط ہیں اور وہ خیریت سے ہیں۔

سوشل میڈیا پر کئی روز سے عافیہ صدیقی کی موت کی خبر چل رہی تھی، ان کی بہن فوزیہ صدیقی نے اس حوالے سے تصدیق یا تردید کرنے سے انکار کیا تھا، انہوں نے کہا کہ ان کی بہن کا اسٹیٹس زندہ لکھا ہوا ہے تاہم حکومت پاکستان اور وزارت خارجہ نے اس حوالے سے ان کے ساتھ  کوئی رابطہ نہیں کیا۔

عافیہ صدیقی کو افغانستان میں امریکی فوجیوں پر حملے کے الزام میں  86 برس قید کی سزا سنائی گئی تھی اور وہ ٹیکساس کی ایک جیل میں قید ہیں۔


متعلقہ خبریں