عوامی فیصلے کے بعد ن لیگ پنجاب میں قصہ پارینہ بن جائے گی، پرویز الہیٰ


لاہور: مسلم لیگ ق کے رہنما چودھری پرویز الہیٰ نے کہا ہے کہ عوام کا فیصلہ آنے کے بعد ن لیگ پنجاب میں قصہ پارینہ بن جائے گی۔

مسلم لیگ ق کے رہنما چودھری پرویز الہیٰ نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ عمران خان کا ویژن اور انتھک محنت رنگ لائے گی جبکہ عمران خان کی قیادت میں ملک موجودہ چیلنجوں کا مقابلہ کر سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان نے جرات سے نااہل حکمرانوں کو للکار کر غریب عوام کی آواز بلند کی ہے۔ آج ظالموں اور متکبروں کا تختہ الٹ جائے گا اور پنجاب کے عوام لوٹوں اور ان کے خریداروں کو نشان عبرت بنا دیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: کارکن ہر طرح کے دباؤ اور ہراسانی کا مقابلہ کر رہے ہیں،عمران خان

پرویز الہیٰ نے کہا کہ عوام پر پیٹرول اور گیس کے بم گرانے والی حکومت سے عوام حساب لیں گے اور ووٹ کی طاقت سے پنجاب کی غیر قانونی حکومت کا خاتمہ کر دیں گے۔ عوام کا فیصلہ آنے کی دیر ہے اور ن لیگ پنجاب میں قصہ پارینہ بن جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے پارسائی کے دعوے تو بہت کیے ہیں لیکن آج اس کاامتحان ہے۔ تمام ملکی اور غیر ملکی سروے پی ٹی آئی کی کامیابی کی پیشگوئی کر چکے ہیں اور ہمارے کارکن نتائج ملنے تک پولنگ اسٹیشنوں کے باہر پہرہ دیں گے۔

رہنما مسلم لیگ ق نے کہا کہ حمزہ شہباز نے سپریم کورٹ میں جو کہا اس پر عمل نہیں کیا جبکہ شہبازشریف اور حمزہ شہباز نے نتائج چوری کرنے کی کوشش کی تو ردعمل کے خود ذمہ دار ہوں گے۔ ہوا کا رخ بدل چکا ہے اور ن لیگ کی کشتی ڈوب رہی ہے۔


متعلقہ خبریں