اسلام آباد: وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ سیکیورٹی فورسز شرپسند عناصر پر بھی کڑی نظر رکھے ہوئے ہیں۔
وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ضمنی انتخابات کے تمام حلقوں میں سیکیورٹی ہائی الرٹ ہے اور الیکشن کمیشن کی درخواست پر سول آرمڈ فورسز تمام حلقوں میں تعینات کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ انتہائی حساس انتخابی حلقوں میں سیکیورٹی فورسز کی اضافی نفری تعینات کی گئی ہے جبکہ رینجرز اور ایف سی کے علاوہ فوج بھی بطور کوئیک ریسپانس فورس فرائض سرانجام دے رہی ہے۔ وزارت داخلہ میں مانیٹرنگ سیل بھی قائم کر دیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پنجاب میں ضمنی انتخابات، 52 ہزار سے زائد اہلکار تعینات
رانا ثنا اللہ نے کہا کہ مانیٹرنگ سیل انتخابی حلقوں میں سیکیورٹی صورت حال کی مسلسل نگرانی کر رہا ہے اور مانیٹرنگ سیل پنجاب، سندھ کی صوبائی حکومتوں اور سول آرمڈ فورسز ہیڈ کوارٹر کے ساتھ منسلک ہے۔
انہوں نے کہا کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے پوری طرح چوکس ہیں اور کسی بھی ایمرجنسی صورت حال میں بلا تاخیر ریسپانس کریں گے۔ تمام حلقوں میں آتشی اسلحہ کی نمائش اور ساتھ رکھنے پر مکمل پابندی ہے۔ سیکیورٹی فورسز شرپسند عناصر پر بھی کڑی نظر رکھے ہوئے ہیں۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ شرپسند عناصر کے خلاف زیرو ٹالرینس ہے اور عوام بلا خوف انتخابات میں اپنا حق رائے دہی استعمال کریں۔ کسی بھی شکایت کی صورت میں قانون نافذ کرنے والے اداروں سے رابطہ کریں۔