عمران خان نے نگراں وزیر اعلیٰ پنجاب کے لیے ناموں کی منظوری دے دی

نہال ہاشمی کی خالی نشست پر آزاد امیدوار اسد اشرف کامیاب | urduhumnews.wpengine.com

لاہور: پنجاب میں نگراں وزیراعلیٰ کے انتخاب کے معاملے پر جمعہ کو وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف اور پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف میاں محمود الرشید کے درمیان ملاقات ہوگی۔

دونوں رہنماؤں کے درمیان ملاقات سہ پہرتین بجے ماڈل ٹاؤن لاہور میں ہوگی۔

اسپیکر پنجاب اسمبلی رانا محمد اقبال اور وزیر قانون رانا ثنا اللہ  نے میاں محمود الرشید سے الگ الگ رابطہ کرکے وزیراعلیٰ پنجاب کا پیغام پہنچایا، ملاقات میں نگراں وزیراعلیٰ پنجاب کے ناموں پر مشاورت کی جائے گی، قائد حزب اختلاف نے وزیراعلیٰ پنجاب سے ملاقات کے شیڈول کی تصدیق کی ہے۔

دوسری جانب چیئرمین تحریک انصاف عمران خان سے میاں محمود الرشید نے نگراں وزیراعلیٰ پنجاب کے معاملے پر مشاورت مکمل کرلی ہے،  عمران خان نے نگراں وزیراعلیٰ  پنجاب کے لیے طارق کھوسہ اور ڈاکٹر صفدر محمود کے ناموں کی منظوری دے دی ہے، میاں محمود الرشید وزیراعلیٰ پنجاب سے ملاقات میں دونوں شخصیات کے نام پیش کریں گے۔

نگراں وزیراعلیٰ

پنجاب اسمبلی کی پانچ سالہ مدت 31 مئی کو ختم ہورہی ہے، اس سے قبل صوبائی حکومت اور اپوزیشن مشاورت سے نگراں وزیراعلیٰ کے نام کا اعلان کریں گے۔

اگر حکومت اور اپوزیشن دونوں میں سے کسی کی جانب سے  بھی نام  پر اتفاق نہیں ہوا تو حکومتی مدت پوری ہونے کے سات دن بعد معاملہ اسپیکر پنجاب اسمبلی کے پاس چلا جائے گا جو حکومت اور اپوزیشن کے تین تین اراکین پر مشتمل کمیٹی بنائیں گے جسے تین دن میں نگراں وزیراعلیٰ کے نام  کا فیصلہ کرنا ہوگا۔

اگر ارکان اسمبلی پرمشتمل چھ رکنی کمیٹی تین دن میں کوئی فیصلہ نہ کرسکی تو معاملہ صوبائی الیکشن کمیشن کے پاس چلا جائے گا جس کے بعد الیکشن کمیشن صوبائی حکومت اور اپوزیشن کی جانب سے پیش کیے گئے ناموں میں سے کسی ایک نام کا نگراں وزیراعلیٰ کے لیے اعلان کرنے کا مجازہوگا۔


متعلقہ خبریں