ہم مکمل طور پر غیر جانبداری سے کام کر رہے ہیں، الیکشن کمشنر پنجاب


لاہور: الیکشن کمشنر پنجاب سعید گل نے کہا ہے کہ ہم مکمل طور پر غیرجانبداری سے کام کر رہے ہیں۔

الیکشن کمشنر پنجاب سعید گل نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تمام آر اوز کے کیمپ آفس سے پریزائیڈنگ افسران سامان لے کر جائیں گے اور تمام پولنگ اسٹیشنز پر سامان لے جانے کے لیے سیکیورٹی کی الگ الگ گاڑیاں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پولیس تعینات ہے اور رینجرز کیو آر ایف کی صورت میں موجود ہو گی جبکہ تمام نتائج کے لیے لاہور کے کیمپ آفس میں بڑی اسکرین لگائی گئی ہے اور تمام آر اوز کے پاس پریزائیڈنگ افسران واٹس ایپ پر فارم 45 بھیجیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: ‎عمران خان اور اس کے ٹائیگرز قانون کے دائرے میں رہیں، وزیر داخلہ

سعید گل نے کہا کہ ہم نے قانون و آئین کے تحت کام کرنا ہے اور ہم مکمل طور پر غیر جانبداری سے کام کر رہے ہیں۔ الیکشن کمیشن پر جو الزامات لگائے جارہے ہیں اس میں کوئی حقیقت نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب پلین ایریا ہے پولنگ اسٹیشنز کا زیادہ سے زیادہ فاصلہ ایک گھنٹہ ہو گا۔ اس لیے نتائج میں تاخیر نہیں ہو گی اور پریزائیڈنگ افسر وٹس ایپ پر نتائج بھیج دیں گے لیکن اگر پریزائیڈنگ افسر وٹس ایپ پر نہیں بھیج سکتا تو آر او آفس پہنچ جائے گا۔


متعلقہ خبریں