غیر قانونی کام کرنے والے افسروں کو قیمت چکانی پڑے گی، اسد عمر


اسلام آباد: پی ٹی آئی رہنما اسد عمر نے کہا ہے کہ غیر قانونی کام کرنے والے افسروں کو قیمت چکانی پڑے گی۔

سابق وفاقی وزیر اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اسد عمر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حمزہ شہباز پہلے دن سے غیر قانونی وزیر اعلیٰ ہے لیکن ہم نے ضمنی الیکشن کے نتائج آنے تک انہیں وزیراعلیٰ مان لیا۔ سپریم کورٹ نے کہا تھا حمزہ شہباز نے کسی طور پر انتظامی طور پر اثر انداز نہیں ہونا ہے۔

انہوں نے کہا کہ حمزہ شہباز کی حیثیت نگراں وزیراعلیٰ سے زیادہ نہیں ہے جبکہ ڈپٹی کمشنرز اور اسسٹنٹ کمشنرز کی جانب سے پٹواریوں کے پاس کالیں جا رہی ہیں۔ ڈی پی او جھنگ کے خلاف پہلے ہی تحریک جمع تھی کیونکہ ضمنی الیکشن شیڈول کے بعد انہیں خلاف قانون ڈی پی او جھنگ لگا دیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: گنجائش پیدا ہوتے ہی عوام کو ریلیف فراہم کرتے رہیں گے، وزیر اعظم

اسد عمر نے کہا کہ پولیس ہمارے لوگوں کے خلاف پرچے کاٹ رہی ہے جبکہ ڈپٹی کمشنر، ڈی سی او لیہ اور ایس ایچ او چیچہ وطنی کے خلاف بھی شکایات آ رہی ہیں۔ یہ لوگ جو کام کر رہے ہیں وہ قانون اور الیکشن قواعد کی خلاف ورزی ہے۔

انہوں نے کہا کہ غیر قانونی کام کرنے والے افسروں کو اس کی قیمت چکانی پڑے گی۔ پنجاب اسمبلی سے مسلم لیگ ن کی ایک اور وکٹ گر گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: رانا ثنا اللہ میں ہمت ہے تو آرٹیکل 6 لگا کر دکھائیں، شیخ رشید

پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ ضمنی الیکشن میں دھاندلی کی پوری کوشش کی جا رہی ہے جبکہ ہم نے الیکشن کمیشن پٹیشن دی تھی کہ معاملہ اجتماعی نوعیت کا ہے۔


متعلقہ خبریں