اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف اثاثوں میں کمی کے ساتھ ساڑھے 24 کروڑ کے مقروض بھی ہو گئے۔
الیکشن کمیشن نے وزیر اعظم شہباز شریف کے سال 2021 کے اثاثوں کی تفصیلات جاری کر دیں۔ جاری کردہ دستاویزات کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف 24 کروڑ 50 لاکھ روپے سے زائد اثاثوں کے مالک ہیں اور ان پر 14 کروڑ روپے سے زائد کا قرضہ بھی ہے۔
شہباز شریف نے سلمان شہباز سے 6 کروڑ روپے سے زائد کا قرض لے رکھا ہے جبکہ شہباز شریف کے پاس 2 گاڑیاں اور بینک بیلنس 2 کروڑ روپے سے زائد ہے۔ شہباز شریف بیرون ملک 13 کروڑ 74 لاکھ روپے کے اثاثوں کے بھی مالک ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: عمران خان کے 6 کروڑ اثاثے بڑھ گئے، 7 کروڑ کا قرض بھی اتار دیا
دستاویزات کے مطابق شہباز شریف نے بیویوں نصرت شہباز اور تہمینہ درانی کے اثاثے بھی ڈکلیئر کر دیئے ہیں۔ شہباز شریف کی اہلیہ نصرت شہباز 23 کروڑ روپے کے اثاثوں کی مالک ہیں اور تہمینہ درانی کے اثاثوں کی مالیت 57 لاکھ 60 ہزار روپے ہے۔
شہباز شریف کے اثاثوں میں 2020 کی نسبت 2021 میں 3 لاکھ روپے کی کمی آئی۔