ایٹمی اور طاقتور عسکری قوت والا ملک کبھی کسی کا غلام نہیں ہو سکتا، اسد عمر


اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) رہنما اسد عمر نے کہا ہے کہ ایٹمی قوت اور طاقتور عسکری قوت والا ملک کبھی کسی کا غلام نہیں ہو سکتا۔

پی ٹی آئی کے رہنما اسد عمر نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ پچھلے ایک ہفتے سے قوم غیر فطری حکومت کو دیکھ رہی ہے اور ہم 2 سال تک پی ڈی ایم کی مہنگائی کا گردان سنتے رہے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان پاکستانی قوم پر مہنگائی کا بوجھ کم کرنے کے لیے کام کر رہے تھے اور مفتاح اسماعیل ایک روپیہ تیل نہ بڑھانے کا دعویٰ کرتے تھے لیکن آج پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار 200 روپے سے اوپر تیل کی قیمتیں ہو گئیں۔

یہ بھی پڑھیں: بڑھتی مہنگائی کے سبب ایئرپورٹ ملازم نے گدھا گاڑی لانے کی اجازت مانگ لی

اسد عمر نے کہا کہ موجودہ حکومت نے ایک ہفتے میں 60 روپے تیل کی قیمت بڑھا دی اور کل مفتاح اسماعیل تقریر میں غلامی کی تصویر بنے نظر آ رہے تھے۔ ایک ایٹمی قوت اور طاقتور عسکری قوت والا ملک کبھی کسی کا غلام نہیں ہو سکتا لیکن یہ تب ممکن ہو سکتا ہے جب آپ کے اثاثے ملک سے باہر موجود ہوں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر میں 65 فیصد اضافہ عمران خان نے کیا اور یہ کہتے ہیں ہم پر امریکہ پابندیاں لگا دے گا۔ بھارت، چین اور یورپ پر امریکی پابندیاں کیوں نہیں لگتیں ؟

پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ عمران خان کی ہدایت ہے الیکشن کی تیاریاں شروع کی جائیں۔


متعلقہ خبریں