تحریک انصاف کا ضمنی انتخاب میں تمام حلقوں میں امیدوار اتارنے کا فیصلہ

گلگت بلتستان انتخابات:12حلقوں کےنتائج موصول، پی ٹی آئی کو برتری

فائل فوٹو


تحریک انصاف  نے پنجاب کے ضمنی انتخاب میں تمام حلقوں میں امیدوار اتارنے کا فیصلہ کر لیا۔

ذرائع کے مطابق ڈی نوٹیفائی ہونے والے اراکین کے حلقوں میں ضمنی انتخاب میں بھر پور حصہ لیا جائے گا۔پی ٹی آئی نے ضمنی انتخابات کیلئے پارٹی ٹکٹ کے خواہشمند افراد سے درخواستیں مانگ لیں۔

پارٹی ٹکٹ کیلئے درخواستوں کی آخری تاریخ یکم جون مقرر کی گئی ہے۔سیٹیں پی ٹی آئی کے منحرف اراکین اسمبلی کی نااہلی کی وجہ سے خالی ہوئی تھیں۔

صدر پی ٹی آئی پنجاب شفقت محمود کا کہنا ہے کہ منحرف ارکان کے مقابلے میں پارٹی کے وفادار امیدوار سامنے لائے جائیں گے۔لوٹوں کی سیاست کا حلقوں سے مکمل خاتمہ کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ الیکشن کمیشن نے پنجاب اسمبلی کی 20 خالی نشستوں پر  17 جولائی کو ضمنی الیکشن کرانے کا اعلان کیا ہے۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ضمنی الیکشن کے لیے کاغذات نامزدگی 4 سے7 جون تک جمع کرائے جائیں گے جبکہ کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال 11 جون کو ہو گی اور الیکشن ٹریبونل اپیلوں پر فیصلہ 21 جون تک کریں گے۔

اعلامیے کے مطابق کاغذات نامزدگی 23 جون تک واپس لیے جا سکیں گے اور امیدواروں کو انتخابی نشان 24 جون کو جاری ہوں گے۔

الیکشن کمیشن کے مطابق پنجاب اسمبلی کے جن حلقوں میں ضمنی انتخابات ہوں گے ان میں پی پی 7 راولپنڈی، پی پی 83 خوشاب، پی پی 90 بھکر، پی پی97 فیصل آباد، پی پی 125، پی پی127 جھنگ، پی پی 140 شیخوپورہ، پی پی 158، پی پی 167، پی پی 168، پی پی 170 لاہور پر ضمنی الیکشن ہو گا۔

اس کے علاوہ پی پی 202 ساہیوال، پی پی 217 ملتان، پی پی 224، پی پی 228 لودھراں، پی پی 237 بہاولنگر، پی پی 272، پی پی 273 مظفر گڑھ، پی پی 282 لیہ اور پی پی 288 ڈی جی خان پر ضمنی الیکشن ہو گا۔


متعلقہ خبریں