اسلام آباد: اکبر ایس بابر نے کہا ہے کہ میر جعفر اور میر صادق وہ ہوتے ہیں جو آئین شکنی کرتے ہیں۔
الیکشن کمیشن میں پی ٹی آئی ممنوعہ فارن فنڈنگ کیس کی سماعت ہوئی ،چیف الیکشن کمشنر کی سربراہی میں 3 رکنی کمیشن نے سماعت کی۔
پی ٹی آئی کے وکیل انور منصور نے اسکروٹنی کمیٹی رپورٹ پر دلائل دیتے ہوئے کہا کہ سپریم کورٹ کے احکامات کے مطابق معلومات کا قابل بھروسہ ہونا ضروری ہے۔
انہوں نے کہا کہ اسکروٹنی کمیٹی رپورٹ میں معلومات قابل تصدیق اور قابل بھروسہ نہیں ہیں ہمارے اوپر فارن فنڈنگ نہیں ممنوعہ فنڈنگ کا الزام ہے۔ فارن فنڈنگ وہ ہوتی ہے جو بیرون ملک حکومت سے لی جائے۔
یہ بھی پڑھیں: جعلی حکومت غیر قانونی اقدام کر رہی ہے، وکلا سے مشاورت کے بعد قانونی راستہ اختیار کریں گے، عمر سرفراز چیمہ
کیس کی سماعت کے بعد اکبر ایس بابر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ فارن فنڈنگ کیس پر کل صبح 10 بجے دوبارہ سماعت ہو گی اور ان کے دلائل کے بعد ہم اپنے جوابات کے لیے کچھ وقت لیں گے۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان کہتے ہیں اپنی آخرت کو سنوارو لیکن میرا سوال ہے کہ آپ کب اپنی آخرت سنواریں گے ؟ خان صاحب آپ کے دورِ میں ہزارہ کے بہن بھائیوں کو قتل کیا گیا اور ہزارہ برادری کے افراد کی لاشیں سڑکوں پر تھیں، ان کے عزیز وقارب رو رہے تھے اور آپ نے الزام لگایا میں بلیک میل نہیں ہوں گا۔
اکبر ایس بابر نے کہا کہ آپ اپنے گریبان میں جھانکیں، دوسروں کو نہ کہیں بلکہ آپ پہلے خود اپنی آخرت سنوارو۔ میر صادق اور جعفر کا حوالہ بڑا خوفناک ہے کیونکہ میر جعفر اور میر صادق وہ ہوتے ہیں جو آئین شکنی کرتے ہیں۔ عمران خان کا مارچ آزادی مارچ نہیں غلامی مارچ ہے اور آپ پہلے اپنی تحریک انصاف کی بادشاہت ختم کریں۔