اسلام آباد: وفاقی حکومت نے سابق وزیراعظم عمران خان کی جانب سے لگائے گئے بیرونی سازش کے الزامات پر انکوائری کمیشن بنانے کا اعلان کیا ہے۔
وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ انکوائری کمیشن غیر جانبدار ہوگا جو شفاف طریقے سے ان الزامات کی آزادانہ تحقیقات کرے گا۔
انہوں نے کہا ہے کہ کمیشن کی جانب سے جو بھی فیصلہ ہوگا اس کے بعد وہ لوگ جنھوں نے ملک کو جھوٹی سیاست کے لیے استعمال کیا انھیں قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔ انکوائری کمیشن کے لیے ایسا سربراہ مقرر کیا جائے گا جس پر کوئی بھی انگلی نہیں اٹھا سکے گا۔
مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ اب صرف فرح گوگی بچاؤ تحریک چلائی جارہی ہے۔عمران خان کے کہنے پرہر گھنٹے بعد ترجمانوں کی ڈیوٹیاں لگی ہیں۔ جلسوں کا شیڈول بھی اپنی بے نامی فرح کو بچانے کا پریشر ہے۔افسران کے ذریعے پیسے کمائے گئے، ایک ایک تفصیل آ چکی ہے۔
ان کاکہنا ہے کہ کوئی بیرون ملک سازش نہیں ہوئی۔جب اپنے اتحادی چھوڑ جائیں تب آپ کو یاد آیا کہ بیرونی سازش ہوئی۔اب یہ ڈھونگ نہیں رچایا جائے گا۔
ان کا کہنا ہے کہ فرح گوگی کے نام پر سب سے زیادہ اکاؤنٹس پنجاب میں کھولے گئے۔القادر یونیورسٹی مدینہ کی ریاست کا نام استعمال کر کے کھولی گئی۔عمران خان فرح گوگی بچاؤ تحریک کا دودھ کا دودھ پانی کا پانی ہوگا۔
انہوں نے کہا ہے کہ سازشی ٹولے نے دوست ممالک کو ناراض کیا۔سی پیک منصوبے کو تباہ کیا گیا۔2021 اکتوبر کی رپورٹ میں ایئر پورٹ اسپیس استعمال کر نے کا کہا گیا وہ اسی ٹولے کا دور تھا۔اب ٹویٹ کرتے ہیں، ہم ایسے معاہدے نہیں کرنے دیں گے۔
انھوں نے کہا کہ تباہ حال معیشت، بیروزگاری، بدترین مہنگائی کی وجہ عمران صاحب کی کرپشن اور لوٹ مار ہے، عمران خان کے دور میں آٹا،چینی،گھی، دوائی اور کھاد کی قیمت تاریخ کی بلند ترین سطح پر رہی۔
انھوں نے مزید کہا کہ آج سعودی عرب اور یو اےای سے ملکی ترقی کے لیے کاروباری شراکت داریاں ہو رہی ہیں، عمران صاحب کشکول لے کر دردرکی ٹھوکریں کھاتے رہے، عمران صاحب کا پھیلایا گند اور غلاظت صاف کر رہے ہیں۔