سابق وزیر داخلہ شیخ رشید کا کہنا ہے کہ مجھے خوف ہے کہ اسلام آباد کا لانگ مارچ خونی ہوسکتا ہے۔
انہوں نے کہا ہے کہ ملک کے خلاف سازش اور مداخلت کا رخ فوج کی جانب کیا جارہا ہے۔ یہ ساری قوم کی فوج ہے۔یہ برٹش فوج نہیں، قوم کے بیٹے فوج میں ہیں۔یہ فضا غیرملکی طاقتوں کے ٹاؤٹوں کے ذریعے بنائی جارہی ہے۔
انہوں نے کہا ہے کہ میں عمران خان کے ساتھ کھڑا ہوں۔بہت سے لوگ لانگ مارچ میں آگ لگانا چاہتے ہیں۔لانگ مارچ خونی ہوسکتا ہے،اس سے پہلے حل نکالیں۔
ان کا کہنا ہے کہ اداروں کو کہنا چاہتا ہوں کہ وہ بیچ بچاو کیلئے آگے آئیں۔ایسا نہ ہو کہ حالات عمران خان کے ہاتھ سے بھی نکل جائیں۔ مطالبہ ایک الیکشن کا ہے۔ یہ 30 دن بہت اہم ہیں۔سازش ہورہی ہے۔میں حالات کو سمجھتا ہوں، حالات کو ٹھنڈا رکھنا چاہتا ہوں۔
انہوں نے کہا ہے کہ میں نوازشریف کا شکل دیکھنے کیلئے بھی تیار نہیں ہوں۔اگر عمران خان میری ڈیوٹی لگائے، میں رابطے کے لیے تیار ہوں۔90دن کے اندر انتخابات کا فیصلہ کیا جائے تاکہ لانگ مارچ نہ ہو۔
انہوں نے کہا ہے کہ آصف زرداری چاہتا تھا کہ پنجاب میں پھڈا پڑے۔جو بھی ہوا ہے، حالات خراب ہیں۔سازش کے تحت خوفناک نتائج ہوں گے۔90دن بعد الیکشن کی تاریخ دیں،عمران خان کو میں راضی کروں گا۔
ان کا کہنا ہے کہ یہ کہتے ہیں یہ سازش نہیں مداخلت ہے۔مداخلت سازش سے بھی زیادہ خطرناک ہے۔جوتے پالش کرنے والوں کے لیے یہ قوم تیار نہیں ہے۔جو چہرے لوگ دیکھنا نہیں چاہتے تھے ان کو اقتدار میں لے آئے ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ کئی شہروں میں میرے خلاف مقدمہ درج کیا گیا۔ رانا ثنااللہ بتائے کہاں گرفتاری دوں۔جس پر 40ارب کا فرد جرم ہو وہ وزیراعظم اور وزیر اعلیٰ بن سکتا ہے؟آدھے وزیرسزا یافتہ ہیں۔
انہوں نے کہا ہے کہ 2ووٹوں کا فرق ہے، ہم ایک ارب لگا کے حکومت ختم کر سکتے ہیں۔یہ ایفل ٹاور جا کے وہاں سے گزر کر دکھا دیں۔یہ ثابت ہوگیا ہے کہ لوگ ان کے چہروں سے نفرت کرتے ہیں۔