فارن فنڈنگ کیس:پی ٹی آئی کا دیگر جماعتوں کو زیادہ وقت دینے پراعتراض،تاخیرنہیں ہورہی:الیکشن کمیشن


الیکشن کمیشن نے مبینہ فارن فنڈنگ کیس میں باقی جماعتوں کو زیادہ وقت دینے سے متعلق تحریک انصاف کا اعتراض مسترد کردیا۔

چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ کسی پارٹی کے کیس میں تاخیرنہیں ہورہی، اس کیس میں 8 سال ہوگئے ہیں، جہاں 7 سے 8 سال انتظار کیا تو ایک دوہفتے سے فرق نہیں پڑتا۔ پی ٹی آئی وکیل نے کیس کا فیصلہ ایک ماہ میں کرنے سے روکنے کےلیے اسلام آباد ہائیکورٹ کا حکمنامہ پیش کرتے ہوئے التوا کی استدعا کردی۔

چیف الیکشن کمشنر سکندرسلطان راجہ کی سربراہی میں 3 رکنی بنچ نے تحریک انصاف کی مبینہ غیر ملکی فنڈنگ کیس کی سماعت کی، تحریک انصاف کے وکیل انورمنصور نے کہا کہ دوسری پارٹیوں کو 3 ماہ کی تاریخ دی جا رہی ہے، ہمارے کیس کی روزانہ کی بنیاد پر سماعت ہورہی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: تحریک انصاف کے الیکشن کمیشن کے خلاف شہر شہر مظاہرے

چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ کمیشن کواپنا کام کرنے دیں، ہم ان کو سن رہے ہیں آپ کوبھی سن لیں گے، تینوں کیسز ایک ساتھ چل رہے ہیں۔ کسی پارٹی کے کیس میں کوئی تاخیر نہیں ہو رہی۔ پی ٹی آئی وکیل نے کہا کہ آپ جو مرضی آرڈر دیں لیکن میں آج دلائل نہیں دونگا۔

جب تک باقی کیسز اس لیول پر نہیں آئیں گے کیس نہیں چل سکتا، ہماری دستاویزات درخواستگزار کو دیے گئے جبکہ ہمیں دوسری پارٹیوں کے دستاویزات نہیں دیئے جا رہے۔ چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ کمیشن کو عدالت نے اس کیس پر پیش رفت سے نہیں روکا۔ الیکشن کمیشن کیس پر کارروائی جاری رکھے گا۔

پی ٹی آئی وکیل نے عید کے بعد ایک ہفتے میں دلائل مکمل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ جس پرالیکشن کمیشن نے سماعت 10 مئی تک ملتوی کر دی۔


متعلقہ خبریں