حقیقی آزادی کی جنگ شروع ہو گئی، امپورٹڈ حکومت نامنظور، عمران خان



چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ کبھی اپنی قوم کو کسی اور کی جنگ میں قربان نہیں ہونے دوں گا، ہماری حقیقی آزادی کی جنگ شروع ہو گئی یہ امپورٹڈ حکومت نامنظور ہے۔

پشاور میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میں نے ایسا کیا جرم کیا تھا کہ 12 بجے عدالت لگائی گئیں؟ میرے پیارے ججز اور عدلیہ میں نے آزاد عدلیہ کیلئے جیل کاٹی، میرا جینا مرنا پاکستان میں ہے، جو بھی سمجھتا ہے کہ ہم ان چوروں کو قبول کریں گے، یہ 1970 کا پاکستان نہیں جب انہوں نے ذوالقفار علی بھٹو کو ہٹا کر پھانسی لگوائی تھی، یہ وہ پاکستان نہیں۔

انہوں نے کہا کہ اتوار کو ساری قوم نے سڑکوں پر نکل کر بتایا کہ امپورٹڈ حکومت نامنظور، ہم نے فیصلہ کرنا ہے کہ ہم غلامی چاہتے ہیں یا آزادی، کیا ہم امریکہ کے غلاموں کی غلامی کرنے آئے ہیں یا آزادی سے جینے آئے ہیں۔

عمران خان نے کہا کہ جو لوگ حکومت میں آئے ہیں یہ سب ضمانت پر ہیں، شہبازشریف ، حمزہ شہباز ضمانت پر، نوازشریف اور اس کے بیٹے مفرور ہیں، نوازشریف کی بیٹی بھی ضمانت پر ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ امریکہ نے اس قوم پر بڑے بڑے ڈاکووں کو مسلط کردیا ہے،  یہ قوم ان ڈاکووں کو کبھی قبول نہیں کرے گی۔ سب کو چیلنج کرتا ہوں، جس طرح اب عوام سڑکوں پر نکلے گی پہلے کبھی نہیں نکلے گی۔

مزید کہا کہ یہ باشعورقوم اور سوشل میڈیا کا پاکستان ہے، نوجوانوں کا منہ کوئی بند نہیں کرسکتا، کریک ڈاون کرنے والوں سے کہتا ہوں جس دن ہم نے کال دیدی تو انہیں چھپنے کی جگہ نہیں ملے گی۔

سابق وزیراعظم نے کہا کہ علی محمد خان مجھے تم پر فخر ہے، میں چاہتا ہوں میرے ٹیم میں دلیر لوگ ہوں جو اکیلے ان چوروں کا مقابلہ کرے۔

انہوں نے کہا کہ مراسلے میں واضح طور پر لکھا ہوا ہے کہ عمران خان کو ہٹایا گیا تو پاکستان سے حالات ٹھیک ہوجائیں گے، امریکیوں ہمیں تمہاری معافی کی ضرورت نہیں ہے ، تم ہو کون،  امریکہ کو ان غلاموں کی عادت پڑی ہوئی ہے۔

عمران خان نے کہا کہ نوازشریف اور زرداری کے دور میں ڈرون حملے ہوئے ان کے منہ سے ایک لفظ نہیں نکلا، اداروں سے پوچھتا ہوں کیا نیو کلیئر پروگرام ان چوروں کے ہاتھوں میں محفوظ ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ جب تک انتخابات نہیں ہوتے ہم سڑکوں پر ہوں گے، مظاہرے کریں گے، اتوار کی طرح تمام پاکستانیوں نے ہفتے کو باہر نکلنا ہے،آج پاکستان فیصلہ کن موڑ پر کھڑا ہے،اگر ہم نے اس سازش کو کامیاب ہونے دیا تو آنے والی نسلیں کبھی معاف نہیں کرینگی۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ اللہ کے سوا کسی خدا کو ہم نہیں مانتے،  کلمہ ہمیں غیرت دیتا ہے، ہم کسی کے سامنے نہیں جھکیں گے، آج وقت آگیا ہے کہ ہم نے کلمے پر کھڑا ہونا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم نہیں شہبازشریف تم غلام ہو، تم ایک کرپٹ آدمی ہو، جو آدمی کرپٹ ہوتا وہ ہمیشہ غلامی کرتا ہے، بوٹ پالش کرتا ہے،شہبازشریف آپ کو بوٹ پالش کرنے کی عادت ہے۔

مزید کہا کہ نوازشریف کسی غلط فہمی میں نہ رہنا میں اور میری قوم تمہارا یہاں انتظار کررہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ کہا جاتا تھا عمران خان عوام میں جائیگا تو انڈے پڑیں گے، اب دیکھتے کس کو انڈے پڑتے ہیں، اب جب بھی انتخابات ہوں گے عوام جو تمہارے ساتھ کریگی ، تم ہمیشہ کیلئے دفن ہوجاو گے۔


متعلقہ خبریں