جتنا میں نے بتایا یہ اس سے بھی بڑی سازش ہے، وزیر اعظم


اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ جتنا میں نے بتایا یہ اس سے بھی بڑی سازش ہے، سیاسی بحران ملکوں میں آتے رہتے ہیں اور عدم اعتماد ایک جمہوری عمل ہے۔

وزیر اعظم عمران خان نے ای پاسپورٹ کے اجرا کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کرپشن ملک کو نقصان پہنچاتی ہےا ور جڑیں کمزور کرتی ہے، این ایچ اے میں کرپشن کی گئی قوم اس کا اندازہ نہیں لگا سکتی۔ سڑکوں کا جال بچھانے کے منصوبوں میں کرپشن ہوتی رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ٹیکنالوجی نے لوگوں کی زندگی آسان بنا دی ہے اور ٹیکنالوجی کے استعمال سے کرپشن کم ہو جائے گی۔ پاکستان کا مستقبل سیاحت سے جڑا ہوا ہے۔

عمران خان نے کہا کہ اوورسیز پاکستانیوں کا ملکی معیشت میں اہم کردار ہے اور انہی کی وجہ سے ملک کی معیشت مستحکم ہوئی ہے۔ ہم نے ملکی پیداوار کو کم کرنے کی کوشش کی۔

انہوں نے کہا کہ سیاسی بحران ملکوں میں آتے رہتے ہیں اور عدم اعتماد ایک جمہوری عمل ہے، سیاسی مشکلات آتی رہتی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: گیم اوور نہیں ہوئی گیم آن ہے،وننگ شاٹ کپتان ہی کھیلتا ہے، علی محمد خان

وزیر اعظم نے کہا کہ دھمکی آمیز خط آج سینئر صحافیوں کو دکھاؤں گا اور یہ جو سازش ہے اس کے دستاویزی ثبوت موجود ہیں۔ خط دکھانے کا مقصد ہی یہ ہو گا کہ یہ اس بیرونی سازش سے بچ جائیں۔

انہوں نے کہا کہ عدم اعتماد کی یہ سازش باہر سے کی گئی ہے اور یہ پاکستان کے خلاف سازش ہے۔ خط اتحادی جماعت کے ایک ایک رکن کو بھی دکھاؤں گا کہیں ایسا نہ ہو کہ وہ انجانے میں بیرونی سازش کا حصہ بن جائیں اور خط میں واضح ہے کہ یہ بیرونی سازش ہے۔

عمران خان نے کہا کہ اپوزیشن جماعتیں خط کو ڈرامہ قرار دے رہی ہیں۔ وہ لوگ سازش کر رہے ہیں جو ایک فون کال پر کنٹرول کرتے تھے اور جتنا میں نے بتایا یہ اس سے بھی بڑی سازش ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے قربانیاں دیں لیکن بجائے اس کے کہ ہمدردی کی جائے ہم پر تنقید کی گئی۔  دہشت گردی کے خلاف جنگ میں نقصان ہی نقصان ہوا اور قبائلی علاقے کے لوگوں کے ساتھ بہت زیادہ ظلم ہوا۔ یہ سب اس لیے ہوا کہ ہم نے اپنے ملکی مفادات کا نقصان کیا۔


متعلقہ خبریں