محنت کش شادی ہال میں مر گیا، باراتی کھانا کھاتے رہے


پتوکی میں انسانیت سوز واقعہ پیش آیا جہاں باراتیوں کے مبینہ  تشدد سے محنت کش موقع پر دم توڑ گیا۔ شادی ہال میں ایک لاش کے باوجود باراتی کھانا کھانے میں مصروف رہے۔

پتوکی میں ایک شادی ہال کے باہر پاپڑ بیچنے والے شخص پر جیب تراشی کا الزام لگایا گیا۔ باراتیوں نے محنت کش پر الزام لگا کر اسے مبینہ طور پر شدید تشدد کا نشانہ بنایا جس سے وہ موقع پر ہی دم توڑ گیا۔

پچاس سالہ محنت کش کی لاش شادی ہال میں پڑی رہی ،ظلم اور بےحسی کی انتہا کرتے ہوئےباراتی کھانا کھانے میں مصروف رہے۔

پولیس نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر شادی ہال کے مینجر کو حراست میں لے کر مقدمہ درج کرکے تفتیش کا آغاز کردیا۔ وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے آئی جی پنجاب سے رپورٹ طلب کرلی۔

پولیس نے رات گئے کنگن پور، پتوکی اور سرائے مغل میں چھاپے مار کر 12افراد کو حراست میں  لے لیا۔ ڈی پی او کا کہنا ہے کہ ابتدائی پوسٹمارٹم رپورٹ میں شہری کےجسم پر تشدد کی تصدیق نہیں کی گئی۔

پی ایف ایس اے کی ٹیم نے شواہد اکٹھے کرلیے ہیں۔سی سی ٹی وی فوٹیجز اور دیگر شواہد کا بغور جائزہ لیا جارہا ہے۔

 


متعلقہ خبریں