قوم سبیکا کی افسوس ناک موت پر سوگوار ہے، وزیر اعظم

تعزیت کے لیے شاہد خاقان عباسی کی امریکی اسکول میں جاں بحق ہونے والی پاکستانی طالبہ کے گھر آمد


کراچی: وزیراعظم شاہد خاقان عباسی ‏امریکی ریاست ٹیکساس کے سانٹا فے اسکول میں فائرنگ کے نتیجے میں جاں بحق ہونے والی پاکستانی طالبہ سبیکا شیخ کے گھر پہنچے جہاں انہوں نے سبیکا کے والد سے تعزیت کی اور بچی کی ناگہانی موت پر گہرے رنج ، دکھ  اور ہمدردی کا اظہار کیا، اس موقع پر گورنر سندھ محمد زبیر بھی وزیراعظم کے ہمراہ تھے۔

وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ سبیکا پاکستان کی ہونہار طالبہ تھی، پوری قوم  سبیکا کی افسوس ناک موت پر سوگوار ہے، اللّٰہ تعالیٰ اہل خانہ کو صبر جمیل عطا فرمائے۔

 

ان کا کہنا تھا کہ انتہا پسندانہ رجحانات کسی ایک ملک یا خطے کا نہیں بلکہ بین الاقوامی مسئلہ ہے، ایسے رجحانات پر قابو پانے کے لیے جہاں ان کی اصل وجوہات تلاش کرنے اور ان اسباب کے تدارک کی ضرورت ہے وہاں بین الاقوامی سطح پر ایک دوسرے کے تجربات سے استفادہ کرنے کی بھی ضرورت ہے۔

17 سالہ سبیکا عزیز شیخ امریکی محکمہ خارجہ کی جانب سے کینیڈی لوگریوتھ ایکسچینج اینڈ اسٹڈی اسکالر شپ پروگرام کے تحت گزشتہ برس اگست میں امریکہ گئی تھیں۔ 18 مئی کو ٹیکساس کے شہر سانٹا فے کے  ہائی اسکول میں ایک طالب علم کی  فائرنگ کے نتیجے میں نو طالب علموں اور ایک استاد سمیت دس افراد جان کی بازی ہار گئے تھے جن میں سبیکا شیخ بھی شامل تھیں۔

اطلاعات کے مطابق سبیکا کی میت ہیوسٹن سے پاکستان روانہ کر دی گئی ہے جس کے پیر کے روز کراچی پہنچنے کا امکان ہے۔


متعلقہ خبریں