کراچی سحرو افطار میں بھی بجلی سے محروم

اہلیان کراچی کے صبر کا پیمانہ جواب دے گیا | urduhumnews.wpengine.com

کراچی: سحرو افطار کے دوران کراچی کے مختلف علاقوں میں بجلی کی فراہمی میں تعطل نے شہریوں کو احتجاج کرنے پر مجبور کردیا ہے۔

کراچی کے علاقے اجمیر نگری میں رات بھر بجلی کی آنکھ مچولی جاری رہی جس کے باعث شہریوں نے اجمیر نگری تھانے کے قریب احتجاج  کیا اور ٹائر جلا کر روڈ بلاک کردی۔

محمود آباد میں بجلی کا ٹرانسفارمر(پی ایم ٹی) خراب ہونے کی وجہ سے رات بھر بجلی غائب رہی۔

کے الیکٹرک حکام کے مطابق متبادل ٹرانسفارمر دستیاب نہ ہونے کے باعث مرمت کا کام تاخیر کا شکار ہے۔

محمود آباد میں شہریوں نے کے الیکٹرک کے عملے کو گھیر لیا جس کےبعد عملہ گاڑیاں چھوڑ کرفرار ہوگیا۔

کورنگی میں بجلی و پانی کی بندش کے خلاف شہری سڑکوں پر نکل آئے اور کورنگی انڈسٹریل ایریا روڈ بلاک کردی۔

پانی اور بجلی کی بندش کے خلاف ناظم آباد میں ڈی سی آفس کے باہر بھی شہریوں نے احتجاج کیا۔

23 اپریل کو وزیراعظم کی ہدایت پر کے الیکٹرک اور سوئی سدرن گیس کمپنی کے درمیان جاری تنازعہ حل کیے جانے کی خوشخبری عوام کو دی گئی تھی۔

اہلیان کراچی کو یقین دلایا گیا تھا کہ اب شہر کو بجلی کی کمی کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا ۔

27 اپریل کو جماعت اسلامی کراچی کی جانب سے لوڈشیڈنگ کے خلاف سخت احتجاج ریکارڈ کرایا گیا تھا۔


متعلقہ خبریں