سندھ میں وہ حکومت مسلط ہے جو کچھ بھی نہیں کرتی، اسد عمر


کراچی: وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر نے کہا ہے کہ سندھ میں وہ حکومت مسلط ہے جو کچھ بھی نہیں کرتی۔

وفاقی وزیر اسد عمر نے کراچی میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کراچی کے مسائل حل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں کیونکہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عوامی خدمت پر یقین رکھتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ 13 سال سے سندھ میں جو حکومت ہے وہ کراچی میں کچھ نہیں کرتی اور کراچی میں زیادہ تر منصوبے تو وفاق کے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: جب تک دولت نہیں بڑھتی غربت کم نہیں کی جا سکتی، وزیر اعظم

وفاقی وزیر نے کہا کہ کراچی میں پبلک ٹرانسپورٹ کا مسئلہ حل کر دیا ہے۔ وفاقی حکومت نے کراچی کو گرین لائن بس سروس دی لیکن سندھ پر وہ حکومت مسلط ہے جو کوئی کام نہیں کر رہی۔

انہوں نے کہا کہ تاجروں کے ٹیکس سے ملک چلتا ہے اور کراچی ٹرانسفارمیشن پلان کے تحت کے سی آر کا منصوبہ بھی شامل کیا گیا ہے۔

مردم شماری سے متعلق بات کرتے ہوئے اسد عمر نے کہا کہ مردم شماری کراچی کا دیرینہ مسئلہ ہے جس پر سیاست کی گئی لیکن مردم شماری کا مسئلہ آج تک کسی نے حل نہیں کیا۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت میں جدید طرز پر ڈیجیٹل مردم شماری کرائی جا رہی ہے اور مئی میں پہلا پائلٹ پروجیکٹ کرایا جائے گا، پھر مردم شماری پھر آڈٹ کرایا جائے گا اور 2022 میں ہی مردم شماری کا حتمی اعلان کیا جائے گا۔


متعلقہ خبریں