پی ایس ایل7، ملتان سلطانز نے لاہور قلندرز کو شکست دے دی


کراچی: پاکستان سپر لیگ 7 کے تیسرے میچ میں ملتان سلطانز نے لاہور قلندرز کو شکست دے دی۔

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 7 کے تیسرے میچ میں ملتان سلطانز نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا اور لاہور قلندرز کو بیٹنگ کی دعوت دی۔ لاہور قلندرز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 5 کھلاڑیوں کے نقصان پر 206 رنز بنائے اور ملتان سلطانز کو جیت کے لیے 207 رنز کا ہدف دیا۔

ملتان سلطانز کی قیادت وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان کر رہے تھے جبکہ لاہور قلندرز پہلی بار شاہین آفریدی کی کپتانی میں کھیل کے میدان میں اتری۔

ملتان سلطانز نے مقررہ ہدف آخری اوور میں پورا کرتے ہوئے لاہور قلندرز کو 5 وکٹوں سے شکست دے دی۔ کپتان محمد رضوان نے 69 اور شان مسعود نے 83 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ شعیب مقصود 20، رلی روسو 5 اور ٹم ڈیوڈ ایک رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔

شاہین شاہ آفریدی نے بہترین باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 3 جبکہ حارث رؤف اور راشد خان نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

اس سے قبل لاہور قلندرز کی جانب سے عبداللہ شفیق اور فخر زمان نے اننگز کا آغاز کیا۔

لاہور قلندرز کی پہلی وکٹ 89 رنز پر گری جس میں عبداللہ شفیق 24 رنز بناکر آؤٹ ہو گئے جس کے بعد کامران غلام آئے اور فخر زمان کے ساتھ مل کر اسکور بورڈ کو  آگے بڑھایا تاہم فخر زمان 76 رنز پر احسان اللہ کی گیند پر عمران خان کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔

لاہور قلندرز کی طرف سے دیگر کھلاڑیوں میں محمد حفیظ 16، کامران غلام 43 اور بینک ڈنک 9 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔

گزشتہ روز پی ایس ایل کے 7ویں ایڈیشن کے دوسرے میچ میں پشاور زلمی نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو پانچ وکٹوں سے شکست دے دی۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے پشاور زلمی کو جیت کے لیے 191 رنز کا ہدف دیا تھا۔

پشاور زلمی نے گلیڈی ایٹرز کی جانب سے دیا جانے والا 191 رنز کا ہدف پانچ وکٹوں کے نقصان پر آخری اوور میں حاصل کیا تھا۔

کپتان شعیب ملک 32 گیندوں پر 48 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے جب کہ حسین طلعت نے 52 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی۔ اوپنر کیڈمور اور یاسر خان نے بالترتیب 22 اور 30 رنز کی اننگز کھیلیں۔

حیدر علی 19 رنز بنا کر محمد نواز کا شکار ہوئے جب کہ ردرفورڈ 10 رنز ہی بنا سکے۔

اعداد و شمار کے تحت محمد نواز کی تین وکٹیں بھی گلیڈی ایٹرز کو کامیابی نہیں دلوا سکیں۔ باؤلنگ میں جیمز فالکنر اور نسیم شاہ نے ایک/ ایک وکٹ حاصل کی۔


متعلقہ خبریں