ٹیکساس اسکول فائرنگ: پاکستانی طالبہ بھی جاں بحق


کراچی: امریکی ریاست ٹیکساس کے ہائی اسکول میں فائرنگ سے جاں بحق افراد میں پاکستانی طالبہ سبیکا عزیز بھی شامل ہیں۔

سبیکا عزیز شیخ  کا تعلق کراچی کے علاقے گلشن اقبال سے ہے اور وہ یوتھ ایکسچیج اینڈ اسٹیڈی پروگرام  18-2017 کے تحت امریکہ میں تعلیم حاصل کررہی تھیں۔

یوتھ ایکسچیج اینڈ اسٹیڈی(یس) پروگرام کے تحت ہر سال کئی پاکستانی بچے تعلیم حاصل کرنے امریکہ جاتے ہیں۔

کراچی میں رہائش پذیر سبیکا کے والد عبدالعزیز شیخ نے ’ہم نیوز‘ سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ ان کی بیٹی  21 اگست2017 کو تعلیم حاصل کرنے ٹیکساس گئی تھی اور اسے 9 جون کو وطن واپس آنا تھا۔

والد کا کہنا ہے کہ انہیں واقعہ کی اطلاع جمعہ کے روز افطار کے بعد  مقامی نیوز چینل سے ملی جس کے بعد سبیکا کے دوستوں سے رابطہ کرنے کی کوشش کی مگر کسی سے بات نہ ہوسکی۔

انہوں نے بتایا کہ امریکہ میں سبیکا کے کوارڈینیٹر نے رابطہ کرنے کے 4  سے 5 گھنٹوں بعد سیبکا کے شہید ہونے کی تصدیق کی۔

گزشتہ روز امریکی ریاست ٹیکساس کے شہر سانتا فے کے ہائی اسکول میں فائرنگ سے دس افراد ہلاک ہو گئے تھے۔ فائرنگ سے جاں بحق ہونے والوں میں نو طالب علم اور ایک استاد شامل  تھا ۔

اسکول کے اسسٹنٹ پرنسپل کرس رچرڈ سن نے میڈیا کو بتایا تھا کہ پولیس نے حملہ آور کو گرفتار کرلیا ہے۔

امریکی میڈیا کے مطابق حملہ آور اسی اسکول کا طالب علم  ہے۔


متعلقہ خبریں