لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کی سرجیکل ٹاور کے افتتاح کے لیے میو اسپتال آمد مریضوں کے لیے وبال جان بن گئی، تمام مریضوں کو ٹاور سے باہرنکال دیا گیا جہاں وہ در بدر پھرتے رہے۔
متعدد مریض وہیل چیئرز پرسرجیکل ٹاور سے باہر بیٹھے رہے، تیمارداروں نے ہم نیوز سے بات کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ کی آمد سے شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے اور ہم اسپتال میں قید ہو کر رہ گئے ہیں۔
مریضوں نے الزام عائد کیا کہ صرف اُن مریضوں کو اندر رکھا گیا ہے جو سب اچھا ہے کی رپورٹ دیں گے۔
وزیراعلیٰ کے پروٹوکول عملے نے آگ سے جھلسے ایک مریض کو بھی اسپتال میں داخل نہیں ہونے دیا۔
شہباز شریف نے افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سرجیکل ٹاور، اسٹیٹ آف دی آرٹ ہے اور اس میں 16 آپریشن تھیٹرز ہیں جبکہ میواسپتال کا برن یونٹ بھی اسٹیٹ آف دی آرٹ ہے۔
شہباز شریف نے دعویٰ کیا کہ پورے پاکستان میں میو اسپتال سے بہتر کوئی اسپتال نہیں۔