کراچی:شیر شاہ دھماکے میں جاں بحق افراد کی تعداد17 ہو گئی، مقدمہ درج



کراچی: شیرشاہ دھماکے  میں جاں بحق افراد کی تعداد 17ہوگئی۔ واقعے کا مقدمہ بھی درج کر لیا گیا۔

کراچی کے علاقے شیر شاہ میں دھماکے سے عمارت گرنے کے واقعے میں رات گئے مزید دو افراد کی لاشیں نکال لی گئی۔ ریسکیو ٹیم  کے مطابق لاشیں نالے میں گرنے والے ملبے کے نیچے سے نکالی گئیں۔ حادثے میں اب تک جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 17 ہو گئی ہے۔ جبکہ 16 افراد زخمی ہیں۔

حکام کے مطابق، عمارت گیس لیکج سے ہونے والے دھماکے سے گری۔ متعدد افراد ملبے تلے دبے ہونے کا خدشہ ہے۔ ملبہ ہٹانے کیلئے بھاری مشینری استعمال کی جا رہی ہے ۔

دوسری جانب شیر شاہ میں  دھماکے سے عمارت گرنےکے واقعہ کا مقدمہ سائٹ بی تھانے میں درج کر لیا گیا ہے۔  واقعے کا مقدمہ ایس ایچ او کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے۔

نالے پر بنی دو منزلہ عمارت میں نجی بینک اور دفاتر قائم تھے۔ دھماکہ ہوا تو گراونڈ فلور کا بڑا حصہ نالے میں جاگرا۔ فرنیچر ٹوٹ پھوٹ کر بکھر گیا۔ نزدیک کھڑی گاڑیاں بھی بری طرح متاثر ہوئیں۔

ڈپٹی کمشنر ضلع غربی کے مطابق،، یہ عمارت 1960 کی دہائی میں قائم کی گئی تھی۔ نوٹس لیا تو مالکان نے دستاویزات دکھائیں۔ جس کے بعد کارروائی نہیں کی گئی۔

ڈی آئی جی جنوبی شرجیل کریم کھرل نے ہم نیوز کو بتایا کہ ایس پی انوسٹی گیشن کیماڑی کی سربراہی میں تحقیقاتی ٹیم قائم کردی گئی ہے۔ضلعی پولیس کی جانب سے آئی جی سندھ کو رپورٹ ارسال کردی گئی۔

پولیس رپورٹ کے مطابق ایک بجکر34 منٹ پر ہوا۔دھماکا گیس بھرجانے کے باعث پیش آیا ۔دھماکے سے ملبہ سڑک پر گرنے سے زخمیوں میں اضافہ ہوا ۔ واقعہ میں تخریب کاری کے کوئی شواہد نہیں ملے۔

دوسری جانب سوئی گیس حکام نے دعویٰ کیا ہے کہ شیر شاہ میں دھماکے کی جگہ پر کوئی گیس پائپ لائن نہیں ہے۔علاقے میں موجود تمام گیس پائپ لائنز محفوظ ہیں۔

سوئی سدرن کے مطابق بم ڈسپوزل یونٹ نے اپنے سرٹیفکیٹ میں وجہ سیوریج لائن میں دھماکا بتایا ہے۔ وقوعہ پر قدرتی گیس کی کوئی بو نہیں تھی اور یہاں آگ بھی نہیں لگی۔

 


متعلقہ خبریں