وزیر اعظم نے پارٹی رہنماؤں کو جسٹس (ر) وجیہہ الدین کے بیانات پر ردعمل سے روک دیا

وزیر اعظم نے پارٹی رہنماؤں کو جسٹس (ر) وجیہہ الدین کے بیانات پر ردعمل سے روک دیا

اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے ملک لوٹنے والوں کے خلاف زیادہ بات کرنے کی ہدایت کر دی۔

وزیر اعظم عمران خان کی زیرصدارت پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے ترجمانوں کے اجلاس کی اندرونی کہانی سامنے آ گئی۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں جسٹس (ر) وجیہہ الدین کے الزامات سے متعلق گفتگو کی گئی اور وزیر اعظم نے وزرا کو جسٹس (ر) وجیہہ الدین کے بیانات پر ردعمل سے روک دیا۔

وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ جسٹس (ر) وجیہہ الدین کی بیانات کو میڈیا نے اتنا اچھالا لیکن حزب اختلاف کی بدعنوانی پر کوئی بات نہیں کرتا۔ میرے کوئی لاکھوں کے اخراجات نہیں ہیں اس لیے ایسی باتوں پر بات کر کے وقت ضائع نہ کریں۔

انہوں نے کہا کہ حزب اختلاف کی جماعتوں کے لیڈرز نے ملکی خزانہ لوٹا ہے اس لیے اس پر زیادہ بات ہونی چاہیے۔

یہ بھی پڑھیں: مشترکہ مفادات پر تعلقات میں وسعت کیلئے پر امید ہیں، آرمی چیف

اس سے قبل شوکت خانم کے فنڈ میں غیر شفافیت، منی لانڈرنگ اور بے نامی کمپنیوں کے استعمال کے معاملے پر خواجہ آصف کے الزامات کے خلاف ہرجانے کے کیس کی سماعت ہوئی۔ وزیر اعظم نے ای کورٹ کے ذریعے سیشن عدالت اسلام آباد کی کارروائی میں شرکت کی۔

اس موقع پر وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ ای کورٹ سے عدالتی کارروائی چلانا خوش آئند اقدام ہے کیونکہ ای کورٹ سے وقت اور پیسے دونوں کی بچت ہوتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ شوکت خانم ٹرسٹ پر لوگوں کا اعتماد قائم ہے اور اس پر بے بنیاد الزامات لگا کر سیاست کے لیے استعمال کرنا افسوسناک ہے۔ امید ہے عدالت ایسے الزامات پر مثالی فیصلہ دے کر اس روایت کو ختم کرنے میں مدد کرے گی۔


متعلقہ خبریں