اسرائیلی مظالم پر اقوام متحدہ کی خاموشی قابل افسوس ہے، ڈاکٹر ملیحہ لودھی


نیویارک: اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ڈاکٹر ملیحہ لودھی نے کہا ہے کہ اقوام متحدہ اور سلامتی کونسل کی جانب سے اسرائیلی مظالم کی مذمت نہ کرنا قابل افسوس ہے۔

ڈاکٹر ملیحہ لودھی اسلامی کانفرنس تنظیم کے ہنگامی اجلاس سے خطاب کررہی تھیں جو امریکہ کی جانب سے سکیورٹی کونسل کا اجلاس بلاک کیے جانے پربلایا گیا تھا۔

پاکستانی مستقل مندوب نے اسرائیلی مظالم کی شدید مذمت اور فلسطینیوں سےاظہار یکجہتی کیا۔

انہوں نے کہا کہ فلسطینی عوام امریکی سفارت خانہ کی تل ابیب سے مقبوضہ بیت المقدس منتقلی کےخلاف پرامن احتجاج کر رہے تھے۔

بدھ کے روز عالمی دہشت گردی کامقابلہ کرنےکی حکمت عملی سےمتعلق اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ملیحہ لودھی نے کہا تھا کہ دیرینہ حل طلب تنازعات اورغیرملکی تسلط انتہاپسندی کا سبب بنتےہیں۔

انہوں نےزور دیا  تھا کہ غیر ملکی تسلط سمیت دیگر دیرینہ حل طلب مسائل کوزیربحث لایا جائے تاکہ دہشت گردی اورانتہاپسندی کےبنیادی اسباب کاخاتمہ ہوسکے۔

امت مسلمہ کی واحد ایٹمی طاقت پاکستان نے ہمیشہ عالمی فورمز پر واضح کیا ہے کہ جب تک مقبوضہ فلسطین اور مقبوضہ کشمیر سمیت دیگر حل طلب مسائل مستقل بنیادوں پر حل نہیں کیے جائیں گے دنیا سے بڑھتی ہوئی انتہاپسندی کا خاتمہ ممکن نہیں ہوسکے گا۔

اسرائیلی قابض فوج کی حالیہ پرتشدد کارروائیوں کے بعد جنوبی افریقہ نے اسرائیل کا بائیکاٹ  کرتے ہوئے اپنا سفیر واپس بلا لیا ہے۔ ترکی نے بھی امریکا اور اسرائیل سے اپنے سفرا واپس بلا لیے ہیں۔


متعلقہ خبریں