سکھ یاتری پنجاب پولیس کے حسن اخلاق کے گرویدہ


بھارت سے آنے والی خاتون سکھ یاتری پنجاب پولیس کے اہلکاروں کے اچھے رویے سے متاثر ہو گئیں ۔تعریف کیے  بنا نہ رہ سکیں۔

سکھ مذہب کے بانی بابا گرونانک کے 552ویں جنم دن کی  تقریبات کے لیے  پاکستان آنے والے سکھ یاتری  پوری آزادی کے ساتھ مذہبی رسومات  کی ادائیگی میں مصروف ہیں ۔ وہیں سکھ یاتریوں کی حفاظت اور رہنمائی کے لیے تعینات پنجاب پولیس کے اہلکار ذمہداری کے ساتھ اپنے فرائض ادا کر رہے ہیں۔

بھارت سے گرودوارے ننکانہ صاحب آنے والی سکھ  یاتری پنجاب پولیس کے اہلکار کے رویے سے متاثر ہو کر تعریف  کرنے پر مجبور ہو گئیں۔ پنجاب پولیس نےویڈیو ٹوئٹر پر شیئر کردی۔


گرودوارہ جنم استھان ننکانہ صاحب میں پولیس اہلکاروں نے سکھ یاتریوں کی مدد کی اور بزرگ خاتون  یاتری کا ہاتھ پکڑ کر گاڑی میں بٹھایا۔

بھارتی خاتون نے  اہلکار سے کہا کہ ، آپ نے جو  ہماری مدد کی  ہے شاید وہ آپ کے لیے معمولی بات ہو لیکن ہمارے لیے یہ بہت بڑی بات ہے۔آپ نے ہمارے دل میں جگہ بنا لی ہے۔

خاتون کا کہنا تھا کہ ہمارے دل آپ کی محبت میں تڑپتے ہیں ۔ ہمارا بس نہیں چلتا کہ ہم بار بار یہاں  آئیں۔ ہم چاہتے ہیں کہ ہم یہاں آتے رہیں اور آپ ہمیں بلاتے رہیں۔

سکھ خاتون نے تمام پاکستانیوں اور پولیس اہلکاروں کا شکریہ بھی ادا کیا۔ پولیس اہلکار کی جانب سے مدد کرنے اور مکالمے کے دوران یاتری خاتون ویڈیو بھی بناتی رہیں۔

 


متعلقہ خبریں