جبراً قانون سازی قبول نہیں، سپریم کورٹ جائیں گے، کلبھوشن کو این آر او دیدیا: اپوزیشن


اسلام آباد: اپوزیشن جماعتوں سے تعلق رکھنے والے اراکین سینیٹ و قومی اسمبلی نے ہونے والی قانون سازی کو جبری قرار دیتے ہوئے سپریم کورٹ جانے کا اعلان کیا ہے۔

الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے ذریعے انتخابات،بل منظور، اپوزیشن کا ہنگامہ، کاپیاں پھاڑ دیں، ایوان سے واک آوٹ

ہم نیوز کے مطابق عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنما اور سابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا امیر حیدر خان ہوتی نے اپنے خطاب میں الزام عائد کیا کہ غیر آئینی و غیر قانونی طریقے سے آج قانون سازی کی گئی جب کہ ابھی تو 2018 کے الیکشن کا تنازع بھی ختم نہیں ہوا ہے۔

اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصرکو کڑی نکتہ چینی کا نشانہ بناتے ہوئے امیر حیدر خان ہوتی نے کہا کہ وہ پہلے بھی متنازع تھے اوراب مکمل طور پر متنازع ہو گئے ہیں۔

قومی اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ای وی ایم کا قانون پاس کر کے الیکشن پر سوالیہ نشان لگا دیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن ای وی ایم سے مطمئن نہیں ہے اور انتخابات کرانا الیکشن کمیشن کا ہی کام ہے۔

عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنما امیر حیدر ہوتی نے خبردار کرتے ہوئے کہا کہ آنے والے دنوں میں سیاسی اور پارلیمانی امور اب عدالت میں جائیں گے۔

ای وی ایم بل منظور ہوا تو آئندہ الیکشن آج سے نہیں مانتے، بلاول بھٹو

ہم نیوز کے مطابق جمعیت العلمائے اسلام (ف) کے مرکزی رہنما مولانا اسعد محمود نے قومی اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ حکومت نے آج دھاندلی کے ذریعے بل پاس کیے ہیں اور جبراً قانون سازی کی ہے۔

پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کے صاحبزادے اور رکن قومی اسمبلی مولانا اسعد محمود نے اپنے خطاب میں واضح طور پراعلان کیا کہ حکومتی قانون سازی قبول نہیں، اسے سپریم کورٹ لے کرجائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت اگر جبرکا راستہ اپنائے گی تو اس کا جواب جبر سے ہی دیا جائے گا۔

ہم نیوز کے مطابق ایوان بالا (سینیٹ) کے رکن سینیٹر مشتاق احمد نے اپنے خطاب میں کہا کہ آج کلبھوش کو این آر او دیا گیا ہے، انہوں نے کشمیر کا سودا کیا ہے۔

ہمارے خیال میں حکومتی لوگوں کے 3 سے 4 ووٹ زیادہ گنے گئے، شہباز شریف

سینیٹر مشتاق احمد نے کہا کہ ای وی ایم ڈیجیٹل دھاندلی کا منصوبہ ہے، جو ایف بی آر کے ڈیٹا کو محفوظ نہیں کر سکے وہ ای وی ایم کی بات کررہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ای وی ایم کی ہم مذمت کرتے ہیں۔


متعلقہ خبریں