اصغر خان کیس: اسلم بیگ اور اسد درانی تحقیقاتی کمیٹی کے سامنے پیش


اسلام آباد: سابق آرمی چیف جنرل (ر) اسلم بیگ اور انٹر سروسز انٹیلی جنس (آئی ایس آئی) کے سابق ڈائریکٹر جنرل لیفٹیننٹ جنرل (ر) اسد درانی نے ایف آئی اے ہیڈ کوارٹرز میں بیان ریکارڈ کرایا۔

ذرائع کے مطابق جنرل (ر) اسلم بیگ ایک گھنٹے سے زائد ایف آئی اے ہیڈ کوارٹرز میں رہے جہاں پانچ رکنی تحقیقاتی کمیٹی نے ان سے اسلامی جمہوری اتحاد (آئی جے آئی) بنانے اور رقوم کی تقسیم کے حوالے سے سوالات کیے۔ سابق ڈی جی آئی ایس آئی  لیفٹیننٹ جنرل (ر) اسد درانی بھی تین گھنٹے ایف آئی اے ہیڈ کوارٹرز میں رہے اور بیان ریکارڈ کرانے کے بعد تحقیقاتی کمیٹی کے سوالوں کے جواب دیے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اسد درانی نے ایف آئی اے حکام کے ساتھ مکمل تعاون کیا اور تمام سوالوں کے جواب دیے، ان کے بیان اور جوابات کا جائزہ لینے کے لئے کمیٹی جلد اجلاس منعقد کرے گی۔

 سپریم کورٹ نے گزشتہ ہفتے حکومت کو اصغر خان کیس پر عملدرآمد کا حکم دیتے ہوئے کہا تھا کہ وفاقی حکومت اور ایف آئی اے اس سلسلے میں قانون کے مطابق کارروائی کریں۔


متعلقہ خبریں