آصف علی: آئے، چھکے لگائے، میچ جتوائے،کسی کے ہاتھ نہ آئے


آصف علی پاکستان  ٹیم کا ایک ایسا نام ہیں جو جب بھی آئے، چھکے لگائے ، میچ جتوائے اور کسی کے ہاتھ نہ آئے۔

پاکستان اور افغانستان کے درمیان میچ کے دوران ایک موقع ایسا آیا کہ پاکستان کے ہاتھ سے میچ نکلتا ہوا نظر آنے لگا۔

ایسے میں آصف علی آئے اور 18 ویں اوور کی آخری گیند پر یقینی سکور بنتا تھا مگر انہوں نے شاداب خان کو اپنی کریز میں ہی رکنے کا کہہ دیا۔

آخری دو اوورز باقی تھے اور پاکستان کو 24 رنز درکار تھے، پر اعتماد آصف علی نے پہلی گیند پر چھکا لگا کر شاداب خان کو روکنے کی وجہ بھی بتا دی۔

آصف علی نے 7 گیندوں کا سامنا کیا اور چار چھکے لگا کر 19 ویں اوور میں میچ ختم کر دیا اور ناقابل شکست باہر آئے۔

اس سے پہلے نیوزی لینڈ کے خلاف میچ میں بھی  آصف علی نے جارحانہ بیٹنگ کی، انہوں نے 12 گیندوں کا سامنا کیا ، تین چھکے اور ایک چوکے کی مدد سے 27 رنز بنائے تھے۔

آصف علی اب تک ورلڈ کپ میں ناقابل شکست رہے ہیں، وہ جب بھی کھیلنے آئے، ٹیم کو مشکل سے نکالا اور جیت کے ساتھ واپس لوٹے۔


متعلقہ خبریں