غیر ملکی تسلط انتہاپسندی کا سبب بنتا ہے،ڈاکٹر ملیحہ لودھی


نیویارک: اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ڈاکٹر ملیحہ لودھی نے فلسطین میں جاری اسرائیلی دہشت گردی کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ دیرینہ حل طلب تنازعات اورغیرملکی تسلط انتہاپسندی کا سبب بنتےہیں۔

نیویارک میں  عالمی دہشت گردی کامقابلہ کرنےکی حکمت عملی سےمتعلق اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے پاکستانی مندوب نے کہا کہ اسرائیل کی ریاستی دہشتگردی سےبےگناہ فلسطینی شہید اورزخمی ہوئےہیں۔

انہوں نےزور دیا کہ غیر ملکی تسلط سمیت دیگر دیرینہ حل طلب مسائل کوزیربحث لایا جائے تاکہ دہشت گردی اورانتہاپسندی کےبنیادی اسباب کاخاتمہ ہوسکے۔

پاکستان نے ہمیشہ مظلوم فلسطینی عوام کی حمایت کی ہے اوراسرائیلی قابض افواج کی پرتشدد کارروائیوں کے خلاف ہر سطح پرآواز بلند کی ہے۔

امت مسلمہ کی واحد ایٹمی طاقت پاکستان نے ہمیشہ عالمی فورمز پر واضح کیا ہے کہ جب تک مقبوضہ فلسطین اور مقبوضہ کشمیر سمیت دیگر حل طلب مسائل مستقل بنیادوں پر حل نہیں کیے جائیں گے دنیا سے بڑھتی ہوئی انتہاپسندی کا خاتمہ ممکن نہی ہوسکے گا۔

اسرائیلی قابض فوج کی حالیہ پرتشدد کارروائیوں کے بعد جنوبی افریقہ نے اسرائیل کا بائیکاٹ  کرتے ہوئے اپنا سفیر واپس بلا لیا ہے۔ ترکی نے بھی امریکا اور اسرائیل سے اپنے سفرا واپس بلا لیے ہیں۔

امریکی سفارت خانے کی مقبوضہ بیت المقدس منتقلی نے اقوام عالم سمیت فلسطینیوں کے جذبات کرشدید ٹھیس پہنچائی ہے۔ امریکی اقدام  سے اسرائیل کےخلاف مظاہروں میں شدت پیدا ہوئی ہے اور دنیا کے بیشتر ممالک صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے اس فیصلے کی مذمت کررہے ہیں۔

اسرائیل کی خواہش پر امریکہ اپنا سفارتخانہ تل ابیب سے مقبوضہ بیت المقدس عرصے سے منتقل کرنے کا خواہش مند تھا لیکن 90 کی دہائی سے کسی امریکی صدر میں یہ جرات پیدا نہیں ہوئی تھی کہ وہ یہ اقدام اٹھا سکے۔

حالیہ مظاہروں کے دوران اسرائیلی قابض افواج اور پولیس کی جانب سے کی جانے والی فائرنگ و شیلنگ سے درجنوں فلسطینیوں کی شہادت ہو چکی ہے۔ شہدا میں کم عمر معصو بچے بھی شامل ہیں۔ صیہونی سیکیورٹی فورسز کی  براہ راست فائرنگ کے نتیجے میں 2700 سے زائد فلسطینی زخمی ہوئے ہیں جن میں 12 صحافی اور 17 امدادی کارکنان بھی شامل ہیں۔


متعلقہ خبریں