فرانسیسی سفیر کو نہیں نکال سکتے، شیخ رشید

فرانسیسی سفیر کو نکالنے کی پوزیشن میں نہیں ہیں، شیخ رشید

اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ فرانسیسی سفیر کو ملک سے نکالنے کی پوزیشن میں نہیں ہیں۔

وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ڈی جی آئی ایس آئی کی تعیناتی کا نوٹیفکیشن جاری ہو چکا ہے جبکہ سیاسی اور عسکری قیادت ایک پیج پر ہیں۔ لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید 19 نومبر تک ڈی جی آئی ایس آئی برقرار رہیں گے۔ تمام افواہیں دم توڑ گئیں۔

انہوں نے کہا کہ کالعدم تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) نے وعدہ کیا تھا کہ آج راستے کھول دیں گے اس لیے ان کا انتظار کر رہے ہیں۔ کالعدم ٹی ایل پی کے ساتھ ہونے والے مذاکرات کی رپورٹ پیش کر دی ہے۔ اب کالعدم ٹی ایل پی کے رہنماؤں کے ساتھ رات 8 بجے اور کل صبح 10 بجے رابطہ کروں گا۔

شیخ رشید احمد نے کہا کہ کالعدم ٹی ایل پی کی جانب سے اب تک 6 دھرنے دیے گئے ہیں۔ فرانس کے سفیر کو نکالنے کے مطالبے میں بہت مسائل ہیں اور فرانس یورپ کو لیڈ کر رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ حکومت میں اس معاملے پر ایاز صادق نے قرار داد پیش کی تھی۔ میں نے کہا ایسا ممکن نہیں ہم سب کا ختم نبوت پر ایمان ہے لیکن فرانسیسی سفیر کو نکالنے سے متعلق ہماری کچھ مجبوریاں ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی مخالفت پارلیمنٹ میں کریں گے، شہباز شریف

وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ کالعدم ٹی ایل پی یک نکاتی ایجنڈے پر غور کرے اور ہم ایسی کوئی بدامنی نہیں چاہتے جس کے پاکستان کی سلامیت اور معیشت پر برے اثرات پڑیں۔ کالعدم ٹی ایل پی نے وعدہ کیا تھا ٹریفک کھول دیں گے لیکن انہوں نے نہیں کھولی۔

انہوں نے کہا کہ اگر معاملہ پارلیمنٹ میں بھی لے کر جائیں تو اپوزیشن نہیں آئے گی لیکن مسئلہ بڑھ جائے گا۔ سب چیزوں کے لیے ہم تیار ہیں لیکن فرانسیسی سفارتخانے سے متعلق مجبوریاں ہیں۔

شیخ رشید احمد نے کہا کہ ہم کسی سفارتخانے کو بند کرنے یا سفیر کو نکالنے کی پوزیشن میں نہیں ہیں۔

مہنگائی سے متعلق بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان مہنگائی پر قابو پانے کے لیے پوری کوشش کر رہے ہیں اور اس وقت عالمی سطح پر مہنگائی ہے جبکہ تیل کی قیمتوں میں بہت اضافہ ہوا ہے۔


متعلقہ خبریں