پی ڈی ایم نے ملک بھر میں مظاہروں کا اعلان کر دیا


اسلام آباد: پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) نے مہنگائی کے خلاف ملک بھر میں احتجاجی مظاہروں کا اعلان کر دیا۔

پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ ملک بھر سے عام آدمی کی چیخ و پکار آسمان پر پہنچ رہی ہے اور آئے روز مہنگائی کے بم گرائے جا رہے ہیں۔ مہنگائی کی وجہ سے غریب آدمی خودکشی پر مجبور ہوگیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ آئندہ 2 ہفتوں کے لیے پورے ملک میں احتجاج کا اعلان کر رہے ہیں اور ملک بھر کے ہر ضلعی ہیڈکوارٹر میں مظاہرے ہوں گے۔ ضلعی تنظیمیں باہمی طور پر خود ہی رابطوں میں آجائیں۔

سربراہ پی ڈی ایم نے کہا کہ تاجر، کسان اور مزدوروں سمیت تمام شہری مظاہروں میں شریک ہوں اور پہلا مرحلہ مکمل ہونے پر پی ڈی ایم اگلے مرحلے کا اعلان کرے گی۔ مہنگائی کے خلاف ملک بھر میں بھرپور تحریک شروع کی جائے گی اور کل اسلام آباد میں پی ڈی ایم کا سربراہی اجلاس ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ عام آدمی کو حکومت کے خلاف باہر نکلنا ہو گا اور پوری قوم سے درخواست کرتے ہیں کہ مظاہروں میں شریک ہوں۔ پی ڈی ایم کے اجلاس میں مہنگائی کے ایجنڈے پر غور کے بعد متفقہ لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں: مہنگائی گزشتہ حکومتوں کا دیا ہوا تحفہ ہے، وزیر خارجہ

مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ قوم کو اب گھروں سے نکلنا ہو گا اور پی ڈی ایم قوم کے ساتھ شانہ بشانہ لڑنے کے لیے تیار ہے۔ قوم کے لیے عذاب بننے والے حکمرانوں کو مزید مسلط ہونے کا موقع نہیں دینا چاہتے۔

انہوں نے کہا کہ 3 سال پہلے ملک کی سالانہ ترقی کا تخمینہ 5.8 فیصد تھا جو اب منفی میں ہے اور ایسے حکمرانوں کو ملک و قوم پر مسلط ہونے کا کوئی حق حاصل نہیں ہے۔ حکومت نے 4 ماہ میں 8 بار پیٹرولیم مصنوعات مہنگی کی ہیں۔15 جون کے بعد قیمتوں میں 30 روپے فی لیٹر تک اضافہ کر دیا گیا ہے۔

پی ڈی ایم کے سربراہ نے کہا کہ حکومت ملک و قوم کی حفاظت کے بجائے عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) کی چوکیداری کر رہی ہے اور حکومت نے ملک کو آئی ایم ایف کے لیے تر لقمہ بنا دیا ہے۔ سلیکٹڈ، نااہل حکومت بری طرح ناکام ہو چکی ہے اور موجودہ حکومت کرپٹ ترین حکومت ہے۔


متعلقہ خبریں