کراچی: گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا ہے کہ عمران خان غریب عوام کا احساس کرنے والے وزیر اعظم ہیں۔
گورنر سندھ عمران اسماعیل نے قائد ملت لیاقت علی خان کے یوم شہادت پر ان کے مزار پر حاضری دی اور پھول چڑھائے۔ انہوں نے فاتحہ خوانی بھی کی۔
اس موقع پر گورنر سندھ نے کہا کہ مہنگائی کنٹرول کرنا صوبائی حکومتوں کی ذمہ داری ہے۔ قائداعظم اور لیاقت علی خان کی طرح عمران خان بھی غریب عوام کا احساس کرنے والے وزیر اعظم ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: پبلک ٹرانسپورٹرز کی جانب سے کرائیوں میں ازخود اضافہ
گورنر سندھ میڈیا سے گفتگو کے دوران بھول گئے اور قائد ملت کی جائے شہادت کراچی کو قرار دے دیا۔ انہوں نے کہا کہ لیاقت علی خان فرزند کراچی تھے اور کراچی میں ہی ان کی شہادت ہوئی۔
انہوں نے کہا کہ جتنی فکر عمران خان کو اس قوم کی ہے میرا نہیں خیال کہ محمد علی جناح اور لیاقت علی خان کے بعد کسی نے اتنی فکر کی ہوگی، چاہے وہ شیلٹرز ہوں، سستے مکان ہوں، نوکریاں ہوں یا انہیں گھر دینے کی بات ہو۔
اس موقع پر سینیٹر سیف اللہ خان نیازی نے کہا کہ ملک کے پہلے وزیر اعظم لیاقت علی خان قائداعظم کی طرح لبرل سیاسی رہنما تھے۔