پشاور: محکمہ صحت کی جانب سے ڈرگز رولز 1982میں ترمیم کے خلاف کیمسٹ اینڈ ڈرگز ایسوسی ایشن (سی ڈی اے) کی جانب سے پشاور میں شٹرڈاﺅن ہڑتال کی جارہی ہے۔
ہم نیوز کے مطابق کیمسٹ ایسوسی ایشن نے شہر میں تمام ادویات کی دکانیں بند رکھنے کا اعلان کیا ہے۔
سی ڈی اے کے مطابق ادویات کے متعلق سابقہ قانون ڈرگز رولز 1982 میں ترمیم کرکے اسے ڈرگزرولز 2017 کا نام دیا گیا اور پھر یکطرفہ طور پر نافذ کر دیا گیا ہے۔ نئے رولز کے تحت ڈرگز سیل لائسنس کی تجدید و اجرا میں زیادتی کا سلسلہ شروع کیا گیا ہے۔
احتجاج کرنے والے میڈیکل اسٹور مالکان کا کہنا ہے کہ دکانیں بلا وجہ سیل کر کے دکانداروں کی عزت نفس مجروح کی جا رہی ہے۔
ایسوسی ایشن کی جانب سے اعلان کیا گیا ہے کہ مطالبات کی منظوری تک احتجاج جاری رہے گا اگر حکومت نے مطالبات نہ مانے تو احتجاج کا دائرہ مزید بڑھایا جائے گا۔
قبل ازیں پنجاب میں بھی میڈیکل اسٹور مالکان کی جانب سے ڈرگز قوانین میں ترامیم کے خلاف ہڑتال کی گئی تھی۔