لاہور: امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ نوازشریف نے ممبئی حملوں پر بے وقت کی راگنی چھیڑ دی ہے۔
سراج الحق نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ نواز شریف نے جو متنازعہ بیان دیا ہے اس پر انہیں اپنی غلطی مان لینی چاہیے، نواز شریف کی وضاحتیں اُن کی پارٹی کے لیے مزید مسائل پیدا کررہی ہیں۔
امیر جماعت اسلامی نے نواز شریف پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ تین بار وزیراعظم رہنے والے شخص سے توقع نہیں تھی کہ وہ قومی سلامتی کے معاملات میں اس قدر بے احتیاطی کریں گے، پاکستان اس وقت بین الاقوامی سطح پر دباؤ کا شکار ہے اس لیے تمام سیاسی قائدین کو قومی معاملات پر احتیاط کرنی چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ متحدہ مجلس عمل ( ایم ایم اے) قوم کی اُمنگوں کی حقیقی ترجمان ہے، ایم ایم اے آنے والے دنوں میں اپنی عوامی قوت میں مزید اضافہ کرے گی، سراج الحق نے لاہور میں ایم ایم اے کے کامیاب جلسے پر عوام خصوصاً اہلیان لاہور کا شکریہ بھی ادا کیا۔