مہنگائی کے خلاف احتجاج کو بڑھائیں گے، عوام سڑکوں پر آئیں گے: نیر بخاری

مہنگائی کے خلاف احتجاج کو بڑھائیں گے، عوام سڑکوں پر آئیں گے: نیر بخاری

فوٹو: فائل


اسلام آباد: پاکستان پیپلزپارٹی کے مرکزی سیکریٹری جنرل نیر حسین بخاری نے دعویٰ کیا ہے کہ ہم سمجھتے ہیں کہ اب عوام سڑکوں پر آئیں گے۔ انہوں نے پی ٹی آئی حکومت کو مکمل طور پر ناکام قرار دیتے ہوئے کہا کہ مہنگائی کے خلاف احتجاج کوملک بھرمیں بڑھائیں گے۔ انہوں ںے تاریخی حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ایوب خان کے خلاف تحریک مہنگائی کی وجہ سے چلی تھی۔

انتخابات الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے ذریعے ہی ہوں گے، شبلی فراز

ہم نیوز کے مطابق انہوں نے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں منعقدہ ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت ہر 15 روز بعد پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھاتی ہے اور پھر کہتی ہے کہ گھبرانا نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ مہنگائی کی وجہ سے ہم اس حکومت سے نجات حاصل کرلیں گے۔

سابق چیئرمین سینیٹ نیر حسین بخاری نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی کے دور حکومت میں بھی عالمی سطح پر پیٹرول کی فی بیرل قیمیت 140 ڈالرز پر تھی لیکن ہم نے قیمت برقرار رکھی تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ جب پیٹرولیم مصنوعات مہنگی ہوتی ہیں تو دیگر تمام اشیا خود بخود مہنگی ہو جاتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ حکمران ہر وقت پیٹرول کی قیمت کا عالمی مارکیٹ کے ساتھ موازنہ کرتے ہیں لیکن وہ جھوٹ بولتے ہیں کیونکہ عالمی سطح پر پیٹرول سستا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکمران غلط کہتے ہیں کہ معیشت بہتر ہو چکی ہے کیونکہ ادھار کو زرمبادلہ کے ذخائر بتا رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان سے بہترایکس چینج ریٹ افغانستان کا ہے۔

نیر حسین بخاری نے کہا کہ ہمارے وزیر خزانہ اور حکمران ادھار پر تیل لینے پہ خوش ہیں۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کی وجہ سے ملک میں مہنگائی میں اضافہ ہو چکا ہے۔

پی پی پی کے مرکزی سیکریٹری جنرل نیر حسین بخاری نے کہا کہ بے بس اور بے ساکھیوں کے سہارے بیٹھے ہوئے حکمران مزید اقتدار میں رہے تو معیشت مکمل تباہ ہو جائے گی۔

پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں ںے کہا کہ سیکڈ ملازمین ایکٹ کے حوالے سے ملازمین کو بحال کیا تھا لیکن انہیں نکال دیا گیا۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ ان ملازمین کو بحال کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ اگر اس ایکٹ میں کسی بھی قسم کی کوئی خامی ہے تو حکومت اس کو درست کرے۔ اس حوالے سے انہوں نے سپریم کورٹ آف پاکستان سے بھی اپیل کی کہ وہ اپنے فیصلے پر نظر ثانی کرے۔

پیٹرول کی قیمت کم بڑھانے سے نقصان ہوا، شوکت ترین

نیر حسین بخاری نے کڑی نکتہ چینی کرتے ہوئے کہا کہ افسوس ہے کہ حکومت کو موجودہ چیئرمین نیب کے لیے کوئی اور نہیں مل رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیب قانون کے تحت چیئرمین نیب کی ایک ٹرم ہے اور اس کی وجہ یہ ہے کہ وہ آزادانہ طور پر کام کرسکیں۔

پی پی کے سیکریٹری جنرل نے سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ چیئرمین نیب کو اپوزیشن نظر آرہی ہے لیکن حکومتی وزرا دکھائی نہیں دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں عوام کو جو انصاف فراہم کیا جا رہا ہے وہ سب کو نظر آرہا ہے۔

سابق چیئرمین سینیٹ نے الزام عائد کیا کہ حکومت الیکشن کمیشن کے احکامات کو نظر انداز کررہی ہے۔ انہوں ںے کہا کہ ای وی ایم مسئلہ نہیں ہے بلکہ اصل مسئلہ ای وی ایم کے پیچھے موجود مشینری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ای وی ایم انگلینڈ اور جرمنی سمیت دیگر ممالک میں استعمال نہیں ہوتی کیونکہ ان کا یہ تجربہ ناکام ہو چکا ہے۔

پاکستان پیپلزپارٹی کے سیکریٹری جنرل نیر حسین بخاری نے استفسار کیا کہ جہاں ایف بی آر کی ویب سائٹ پر ایک ماہ کے دوران 71،000  مرتبہ سائبر حملہ کیا گیا ہو تو وہاں ای وی ایم کے ذریعے صاف و شفاف الیکشن کیسے اور کیونکر ممکن ہے؟ انہوں نے واضح طور پر اعلان کیا کہ ای وی ایم کا آرڈی ننس لایا گیا تو اس کی بھرپور مخالفت کریں گے۔

ہم نیوز کے مطابق پاکستان پیپلزپارٹی کی مرکزی ترجمان اور رکن قومی اسمبلی شازیہ مری نے اس موقع پر کہا کہ ایک ایسے وقت میں جب کہ پہلے مہنگائی ہے، پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ مزید مہنگائی لائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہم ظالم کو ظالم کہیں گے اور بے نقاب بھی کریں گے۔

پی پی ترجمان شازیہ مری نے کہا کہ سیکڈ ملازمین ایکٹ پر قومی اسمبلی میں قرارداد جمع کرائی ہے۔ انہوں ںے دعویٰ کیا کہ ان ملازمین کو قانون کے مطابق بحال کیا گیا تھا۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ ملک میں 24 فیصد بیروزگاری میں اضافہ ہو چکا ہے۔

نواز شریف کو معاہدہ کر کے باہر بھیجنے والے قد دیکھ کر بات کریں، شازیہ مری

سندھ کی سابق وزیر اطلاعات و نشریات شازیہ مری نے الزام عائد کیا کہ ای وی ایم کا قانون سلیکٹڈ لوگوں کو دوبارہ سلیکٹ کرانے کی منصوبہ بندی ہے۔


متعلقہ خبریں