نواز شریف قوم سے معافی مانگیں، محمود الرشیدکا مطالبہ


لاہور: تحریک انصاف کے رہنما اور پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف میاں محمود الرشید نے کہا ہے کہ نواز شریف کا بیان غلط اور گمراہ کن ہے، بیان سے اندازہ ہو گیا ہے کہ وہ کس کے ایجنڈے پر چل رہے ہیں، نواز شریف نے تین دفعہ اپنے حلف سے روگردانی کی ہے۔

لاہور میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نواز شریف کو جس دھرتی نے پالا آج وہ اسی دھرتی کی بنیادیں کھوکھلی کر رہے ہیں، انہوں نے پوری دنیا کے پاکستانیوں کو سخت اضطراب میں مبتلا کردیا ہے۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ نواز شریف اپنے متنازعہ بیان پر قوم سے معافی مانگیں ورنہ اُن کی قومی لیڈر بننے کی خواہش پوری نہیں ہوگی، نواز شریف  آج کے میر جعفر اور میر صادق ہیں، ان کا بیان غداری کے زمرے میں آتا ہے۔

محمود الرشید نے کہا کہ تحریک انصاف اور عمران خان نے کبھی کسی قومی ادارے کے خلاف کوئی بات نہیں کی لیکن نواز شریف کے موجودہ بیانات اور بھارتی کاروباری شخصیت سجن جندال سے ملاقات اس بات کی غمازی کرتی ہے کہ وہ کس کے ایجنڈے پر تھے۔

انہوں نے کہا کہ پورا پاکستان نواز شریف کے بیان کی مذمت کرتا ہے، نواز شریف کو کٹہرے میں کھڑا کیا جائے اور تمام ادارے ان کی درگت بنائیں۔

میاں محمود الرشید نے مطالبہ کیا کہ آرٹیکل چھ کے تحت نواز شریف کے خلاف غداری کا مقدمہ چلایا  جائے۔


متعلقہ خبریں